الغرض طالب علم جتنا زیادہ پرہیزگار ہوتاہے اس کا علم بھی اسی قدر نفع بخش ہوتاہے اوراسی قدر اس کیلئے علم کا حصول آسان ہوجاتاہے اوراس علم کے ثمرات وفوائد بھی خوب ظاہر ہوتے ہیں ۔ ایک طالب علم کے لیے سب سے بڑی پرہیزگاری کی بات تو یہ ہے کہ اسے کثرت طعام ، کثرتِ منام اورکثرتِ کلام سے اجتناب کرنا چاہیے ۔ نیز ایک طالب علم کو اگر ممکن ہوتو غیر مفید اوربازاری کھانے سے بھی پرہیز کرناچاہیے کیونکہ بازاری کھانا انسان کو خیانت وگندگی کے قریب اور اللہ عزوجل کے ذکر سے دور کردیتاہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ بازار کے کھانوں پر غربااورفقراء کی نظریں بھی پڑتیں ہیں اور وہ اپنی غربت وافلاس کی بناء پر جب اس کھانے کو نہیں خریدسکتے تو وہ دل آزردہ ہوجاتے ہیں اوریوں اس کھانے سے برکت اٹھ جاتی ہے ۔