Brailvi Books

مدنی مذاکرہ قسط 33: بُرائی کا بدلہ اچھائی سے دیجئے
8 - 27
گناہوں بھری تحریرات چھاپنا
سُوال : کسی مسلمان کے عُیُوب     پر مشتمل خبریں یا پمفلٹ چھاپنا  کیسا ہے ؟ 
جواب : جس طرح  کسی مسلمان میں پائی جانے والی بُرائیوں  یا عُیُوب کا پیٹھ پیچھے زبان سے  بیان کرنا غیبت اور بُرائی یا عیب نہ ہونے کی صورت میں پیٹھ پیچھے یا اس کے  رُوبَرو بیان کرنا  بُہتان کہلاتا ہے ایسے ہی لکھ کر چھاپنے کا بھی مُعاملہ ہے ۔  بِلااجازتِ شَرعی مسلمان کی  کِردار کشی حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ، چاہے وہ اَخبار کے ذَریعے ہو یا پمفلٹ کی صورت میں ۔  جو اَحکام زبان سے کہنے کے ہیں وہی قلم سے لکھنے کے بھی ہیں جیسا کہ اعلیٰ حضرت ، امامِ اَہلسنَّت مولانا شاہ امام احمد رضا خانعَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں : اَلْقَلَمُ اَحَدُ اللِّسَانَیْنِ ( یعنی قلم بھی ایک زَبان ہے ۔  )جو زَبان سے کہے پر اَحکام ہیں وُہی قلم پر ( بھی ہیں ) ۔  (  )بلکہ بولنے کے مُقابلے میں لکھ کر کسی کی غیبت کرنے  یا بہتان لگانے میں گناہ میں اِضافے کے  زیادہ اِمکانات  ہیں جیسا کہ طریقۂ محمدِیہ اور اُس کی شَرح حَدِیقَۂ نَدِیہ میں ہے : لکھنا بھی بولنے ہی کی طرح ہے بلکہ بولنے سے بھی زیادہ بلیغ ( یعنی مزید اچّھی طرح پہنچنے والا )ہے کیونکہ وہ صفحات پر باقی رہتا ہے جبکہ ( زَبان سے ادا  ہونے والے )کلمات ہوا میں( منتشر ہوکر ) گم ہو جاتے ہیں اور ( تحریر کی طرح ) باقی نہیں رہتے ۔ (  ) 



________________________________
1 -   فتاویٰ رضویہ ، ۱۴ / ۶۰۷ رضا فاؤنڈیشن مرکز الاولیا لاہور 
2 -    حَدِیْقه  ندية  و طريقه  محمدية ، آفات الید ، ۴  / ۴۵۴  دار الکتب العلمیة بیروت