Brailvi Books

مدنی مذاکرہ قسط 33: بُرائی کا بدلہ اچھائی سے دیجئے
14 - 27
عیب پوشی کی فضیلت
سُوال : عیب پوشی کی فضیلت بیان فرما دیجیے ۔  
جواب : مسلمان کی جان و مال اور عزت و آبرو کی بڑی اَہمیت ہے لہٰذا کسی مسلمان کے پوشیدہ عُیُوب کو بِلا مصلحتِ شرعی لوگوں کے سامنے بیان کر کے اسے ذَلیل و رُسوا کرنا جائز نہیں کیونکہ اس سے وہ دوسروں  کی نظر میں گر جاتا ہے اور شریعتِ مطہرہ  کو یہ بات  قطعاً ناپسند ہے کہ ایک مسلمان دوسرے مسلمان کی نظروں میں ذَلیل و خوار ہو لہٰذا مسلمان کی عزّت بچانے کے لیے اس کی پَردہ پوشی کی جائے ۔ مسلمانوں کے عُیُوب چھپانے اور انہیں ذَلیل و رُسوا ہونے سے بچانے  کی فضیلت کے بھی کیا کہنے چنانچہ سُلطانِ اِنس و جان ، رَحمتِ عالمیان صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم  کا فرمانِ جنَّت نشان ہے : جوشخص اپنے بھائی کا کوئی عىب دیکھ کر اس کی پَردہ پوشی کر دے تو وہ جنَّت میں داخِل کر دیا جائے گا ۔ (1  ) ایک اور حدیثِ پاک میں اِرشاد فرمایا : جو اپنے مسلمان بھائی کی عیب پوشی کرے اللہ عَزَّوَجَلَّ قِیامت کے دن اس کی عیب پوشی فرمائے گا اور جو اپنے مسلمان بھائی کا عیب ظاہِر کرے اللہ عَزَّوَجَلَّ   اُس کا عیب ظاہِر فرمائے گا یہاں تک کہ اُسے اُس کے گھر میں رُسوا کر دے گا ۔ (  2)  



________________________________
1 -    مسند  عبد  بن حمید ، من  مسند  أبی  سعید الخدری ، ص۲۷۹ ، حدیث : ۸۸۵  عالم الکتب  بیروت 
2 -    ابنِ ماجه ، کتاب الحدود ، باب الستر علی المؤمن...الخ ، ۳ / ۲۱۹ ، حدیث : ۲۵۴۶  دار المعرفة  بیروت