Brailvi Books

قسط22: کیا جنَّت میں والدین بھی ساتھ ہوں گے؟
36 - 47
آپ کے کپڑے محفوظ رہیں اور کوئی بھی ناپاک چھینٹ ان پر نہ آئے ۔  
کپڑے صِرف میلے ہوں پھر وسوسہ آئے کہ نجانے یہ پاک ہیں یا ناپاک تو اس طرح کے وساوس پر ہرگز  کان نہ دھریں  کیونکہ میل جتنا بھی ہو پاک ہوتا ہے، اس کی کالک کو ناپاک نہیں کہیں گے ۔ اگر کالک ہی ناپاک ہوتی تو کوئلہ یا کالا عمامہ اور  کالے کپڑے  کبھی بھی پاک نہ ہوتے حالانکہ یہ سب چیزیں پاک ہیں ۔  صِرف کالا رنگ ہونا ناپاکی کی دَلیل نہیں ۔ کپڑوں کو پاک کرنے کے حوالے سے مزید معلومات کے لیے مکتبۃُ المدینہ کا شائع کردہ رِسالہ” کپڑے پاک کرنے کا طریقہ مَع نجاستوں کا بیان“ حاصِل کر کے اس کا مُطالعہ کیجیے ۔  
نمازِ عصر کے بعد تلاوت کرنا کیسا؟ 
سُوال : کیا نمازِ عصر کے بعد قرآنِ پاک پڑھ سکتے ہیں؟ (سوشل میڈیا کا سُوال)
جواب : جی ہاں!نمازِعصر کے بعد تلاوت کر سکتے ہیں ۔ البتہ سورج ڈوبنے سے 20 مِنَٹ پہلے، سورج نکلنے کے 20 مِنَٹ بعد اور نِصفُ النَّہارِ شرعی سے لے کر ظہر  کا وقت شروع ہونے تک یہ تین اوقات مکروہ ہیں ۔ اگرچہ ان تین اوقات میں تلاوتِ قرآنِ کریم  کرنا جائز ہے مگر بہتر یہ ہے کہ  ان میں دِیگر اَذکار یا دُرُود شریف پڑھا جائے ۔ مگر کوئی ان تین اوقات میں تلاوتِ قرآن کرتا ہے تو گناہ گار نہیں ہو گا ۔ (1) 



________________________________
1 -   درمختار مع رد المحتار، کتاب الصلاة، ۲ / ۴۴  ماخوذاً دار المعرفة بیروت