Brailvi Books

قسط22: کیا جنَّت میں والدین بھی ساتھ ہوں گے؟
14 - 47
کیانیک لوگوں کی رُوح بھی تکلیف سے نکلتی ہے؟
سُوال : کىا نىک لوگوں کى رُوح بھى تکلىف سے نکلتى ہے؟ 
جواب : جی ہاں!نَزع کى سختىاں تو پىارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کے اَجر و ثواب کو  مزىد بڑھانے اور اُمَّت کى ڈھارس بندھانے  کے لىے آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کی بارگاہ میں  حاضِر ہوئىں تھىں ۔ (1)نَزع کی سختیوں پر مومن کو اَجر بھی  ملتا ہے ۔ (2)حضرتِ سَیِّدُنا عمر بِن عبدُالعزىز رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  نَزع کى سختىو ں سے بچنے کی دُعا  کہ مجھے نَزع کی سختیاں نہ ہوں نہىں مانگا کرتے تھے اس لیے کہ  مجھے اس پر ثواب ملے گا  ۔ (3) بہرحال نَزع کی سختیاں  سب کے لىے ہىں ۔  ہم تو کمزور ہىں اِس لیے  ہم عافىت کے طلب گار ہىں کہ بس آسانى سے ہماری رُوح قبض ہو جائے ۔  نَزع کے وقت آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم  کے جَلوؤں مىں گم ہو جائیں، محبوب کے جَلوے سامنے ہوں اور کلمہ پڑھتے ہوئے  رُوح نکلے تو پھر بھلے تلوارىں چلتى رہىں ۔ 
سکرات مىں گر روئے محمد پر نظر ہو
                        ہر موت کا جھٹکا بھی مجھے پھر تو مزا دے	(وسائلِ بخشش)



________________________________
1 -   مراٰۃ المناجیح، ۲ / ۴۱۱ ماخوذاً ضیا ء القرآن پبلی کیشنز مرکز الاولیا لاہور  
2 -   حلیة الاولیاء، عمر بن عبد العزیز، ۵ / ۳۵۰ ، رقم : ۷۳۵۵ ماخوذاً 
3 -   الزھد للامام احمد بن حنبل، اخبار عمر بن عبد العزیز، ص۳۰۴، حدیث : ۱۷۱۸ دار الغد الجدید قاھرہ مصر