Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
119 - 263
پتلی نجاست پاک کرنے کا طریقہ 
مسئلہ۱۴:  زعفران یا کوئی رنگ کپڑا رنگنے کے لیے گھولا تھا، اس میں کسی بچے نے پیشاب کردیا، یا اور کوئی نجاست پڑگئی تو اس سے اگر کپڑا رنگ لیا تو تین بار دھوڈالیں پاک ہو جائے گا۔
مسئلہ۱۵:  کپڑے یا بدن پر ناپاک تیل لگاتھا تین مرتبہ دھونے سے پاک ہوجائے گا، اگرچہ تیل کی چکنائی موجود ہو اس تکلف کی ضرورت نہیں کہ صابن یا گرم پانی سے دھوئے لیکن اگر مردار کی چربی لگی تھی تو جب تک اس کی چکنائی نہ جائے پاک نہ ہوگا۔ ( مینہ و بہار) 
مسئلہ۱۶:  اگر چھری میں خون لگ گیا یا سری میں خون بھر گیا اور اُسے آگ میں ڈال دیا یہاں تک کہ خون جل گیا تو چھری اور سری پاک ہوگئی۔  ( منیہ و بزازیہ) 
نچوڑنے کی حد 
مسئلہ۱۷:   نجاست اگر پتلی ہے تو تین مرتبہ دھونے اور تین مرتبہ اچھی طرح نچوڑنے سے پاک ہوگا، اچھی طرح نچوڑنے کا یہ مطلب ہے کہ ہر شخص اپنی طاقت بھر اس طرح نچوڑے کہ اگر پھر نچوڑے تو اس سے کوئی قطرہ نہ ٹپکے، اگر کپڑے کا خیال کرکے اچھی طرح نہیں نچوڑا تو پاک نہ ہوگا۔  (عالمگیری وقاضی خان) 
مسئلہ۱۸:  اگر دھونے والے نے اچھی طرح نچوڑ لیا مگر ابھی ایسا ہے کہ اگر کوئی دوسرا شخص جو طاقت میں اس سے زیادہ ہے وہ نچوڑے تو دو ایک بوند ٹپک سکتی ہے تو اس کے حق میں پاک اور اس دوسرے کے حق میں ناپاک ہے، اس دوسرے کی طاقت کا اعتبار نہیں