Brailvi Books

قانونِ شرِیعت
118 - 263
موٹی نجاست پاک کرنے کا طریقہ
مسئلہ۹:  تھوک سے اگر نجاست دور ہوجائے تو اس سے بھی چیز پاک ہوجائے گی۔ جیسے بچے نے دودھ پی کر پستان پر قے کی پھر کئی بار دودھ پیا یہاں تک کہ قے کا اثر جاتا رہا تو پستان پاک ہوگیا۔  (قاضی خان وغیرہ) 
 مسئلہ۱۰:  شوربا، دودھ، تیل سے دھونے سے پاک نہ ہوگا۔ اس لیے کہ ان سب سے نجاست دور نہ ہوگی۔ 
مسئلہ۱۱:  نجاست اگر دَلدار ہے جیسے پاخانہ، گوبر، خون وغیرہ تو دھونے میں کوئی گنتی کی شرط نہیں بلکہ اس کو دور کرنا ضروری ہے اگر ایک بار دھونے سے دور ہوجائے تو ایک ہی بار دھونے سے پاک ہوجائے گا اوراگر چار پانچ مرتبہ دھونے سے دور ہو تو چار پانچ مرتبہ دھونا پڑے گا، ہاں اگر تین مرتبہ سے کم میں نجاست دور ہوجائے تو تین بار پورا کرلینا مستحب ہے۔ 
نجاست دور ہونے کے بعد جو رنگ یا بو ر ہ جائے اس کا حکم 
مسئلہ۱۲:  اگر نجاست دور ہوگئی مگر اس کا کچھ حصہ اثر یا رنگ یا بو باقی ہے تواُسے بھی دور کرنا لازم ہے۔ ہاں اگر اس کا اثر مشکل سے جائے تو اثر دور کرنے کی ضرورت نہیں ، تین مرتبہ دھولیا پاک ہوگیا۔ صابن یا کھٹائی یا گرم پانی سے دھونے کی ضرورت نہیں ۔  (عالمگیری و منیہ وغیرہ)  
مسئلہ۱۳:  کپڑے یا ہاتھ پر نجس رنگ لگایا یا ناپاک مہندی لگائی تو اتنی مرتبہ دھوئے کہ صاف پانی گرنے لگے پاک ہوجائے گا۔ اگرچہ کپڑے یا ہاتھ پر رنگ باقی ہو۔  (عالمگیری و منیہ وغیرہ)