نجس چیزوں کو پاک کرنے کاطریقہ
نجس کی دو قسمیں ہیں :
پہلی قسم : ایسی چیزیں ہیں کہ وہ خود نجس ہیں جن کو ناپاکی اور نجاست کہتے ہیں ۔جیسے شراب، پاخانہ، گوبر، ایسی چیزیں جب تک اپنی اصل حالت کو چھوڑ کر کچھ اور نہ ہوجائیں پاک نہیں ہوسکتیں ، شراب جب تک شراب ہے نجس ہی رہے گی اور اگر سرکہ ہوجائے تو اب پاک ہے یا اُپلا (1) جب تک راکھ نہ ہوجائے ناپاک ہے، جب راکھ ہوگیا تو یہ راکھ پاک ہے۔
(منیہ وغیرہ)
دوسری قسم: ایسی چیزیں ہیں جو خود تونجس نہیں لیکن نجاست کے لگنے سے ناپاک ہوگئیں ۔ جیسے کپڑے پر شراب لگ گئی تو اب کپڑا نجس ہوگیا، ایسی چیزوں کے پاک کرنے کے کئی طریقے ہیں ، بعض چیزیں دھونے سے پاک ہوں گی، بعض سوکھنے سے، بعض رگڑنے پونچھنے سے، بعض جلنے سے پاک ہوں گی، بعض دباغت و ذبح سے پاک ہوں گی۔
پانی کے سوا دوسری پاک کرنے والی چیزیں
مسئلہ۷: پاک پانی اور ہر پاک پتلی بہنے والی چیز جس سے نجاست دور ہوسکے اس سے ناپاک چیزوں کو پاک کرسکتے ہیں ۔ جیسے سرکہ، گلاب، چائے، کیلے کا پانی وغیرہ۔
مسئلہ۸: مَاء مستعمل یعنی وضو و غسل کے پاک دھون سے بھی دھو کر پاک کرسکتے ہیں ۔
________________________________
1 - ایندھن کے لیے گوبر کے سوکھائے ہوئے تھاپے۔