پیٹ کا قُفلِ مدینہ |
بلکہ مَعاذَاللہ عزوجل نَماز ہی برباد کردینے والوں کے لیے اور زندَگی کاسُکون صِرف اورصِرف مال ودولت میں تلاش کرنے والوں کے لیے عِبرت ہی عِبرت ہے۔ یاد رکھئے!دولت سے دوا تو خریدی جاسکتی ہے،شِفا نہیں خریدی جاسکتی۔ دولت سے دوست تو مل سکتے ہیں مگر وفا نہیں مِل سکتی۔ دولت سببِ ہلاکت تو ہوسکتی ہے مگر اسکے ذَرِیعے موت نہیں ٹالی جاسکتی۔ دولت سے شُہرت توحاصِل ہوسکتی ہے مگر عزّت حاصِل نہیں ہوسکتی۔
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!'' پُراسرار بھکاری'' کی لرزہ خیز داستان میں پیشہ وَر بھکاریوں کیلئے بھی عبرت کے مَدَنی پھول ہیں۔ یاد رکھئے! بطورِ پیشہ بھیک مانگنا حرام اور جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے، جو بِلا اجازت شَرعی سُوال کرتا ہے وہ جہنَّم کی آگ اپنے لئے طلب کرتا ہے اور اِس طرح جتنی رقم زِیادہ حاصِل کر یگا اُتنا ہی نار (یعنی آگ) کا زیادہ حقدار ہو گا ۔ اِس ضِمن میں چار احادیثِ مبارَکہ مُلاحَظہ فرمایئے۔