سبب غفلت کے اندھیرے ہم سے دور ہوجاتے اور ابرِ رحمت ہم پرچھما چھم بر ستے ہیں ۔''پھروہ آپس میں کہنے لگے : ''یہ ذُوالنُّوْن مِصْرِی علیہ رحمۃ اللہ القوی ہیں جو اُلفت ومحبت کے بارے میں بہترین کلام کرنے والے ہیں۔'' وہ لوگ یہ بات کرہی رہے تھے کہ بہت تیز ہوا چلی ، میں نے دیکھا کہ ہوا اپنے ساتھ ایک بڑا دستر خوان لے کر آئی جس پر انواع و اقسام کے کھانے بہت سلیقے سے رکھے ہوئے تھے۔ وہ دستر خوان ہمارے سامنے آکر بِچھ گیا ۔ میں نے کہا :'' پاک ہے وہ پروردگارعَزَّوَجَلَّ جو اپنے اولیاء کی ضیافت کرنے والااوران پر کرم فرمانے والاہے۔'' پھر وہ لوگ مجھ سے کہنے لگے: '' اے ذُوالنُّوْن! تم تواللہ عَزَّوَجَلَّ کے ولی ہو ۔''
میں نے کہا:'' میں اپنے آپ کو اس قابل نہیں سمجھتا کہ درجۂ وِلایت مجھے مل جائے۔'' یہ سن کر انہوں نے مجھے بڑی گہری نظروں سے دیکھا ۔میں نے کہا:'' مجھے نصیحت کرو اور میرے لئے خصوصی دعا کرو۔ابھی ہم یہ باتیں کر ہی رہے تھے کہ پہاڑ سے کچھ نوجوان ہماری طرف آئے، سلام کیااور کہا :
'' اے ہمارے بھائیو! ناکارہ ذُوالنُّوْن کا کیا حال ہے؟ اس کی خواہشیں پوری ہی نہیں ہوتیں اور نہ وہ اپنی خواہشات سے بازآتاہے۔''اتناکہہ کر وہ سب دستر خوان کے گرد بیٹھ گئے اور کھانا شرو ع کردیا۔ دوسرے لوگ بھی ان نوجوانوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانے لگے ، لیکن مجھے کسی نے بھی نہ بلایا ، پھر ان نوجوانوں نے مجھ سے کہا: ''اے ذُوالنُّوْن مِصْرِی! اگرتم کمزور یقین والے ہو تَو حق کی محافل میں حاضر کیوں نہیں ہوتے ؟ اور اولیاء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ کی صحبت میں کیوں نہیں بیٹھتے۔'' کھانا کھاکر وہ سب تو چلے گئے لیکن میں حیران ومتعجب وہیں کھڑا رہا۔
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ وسلَّم)