Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ دوم)
336 - 412
لکڑیاں نیچے اُتار دیں، فرمایا: ''اب انہیں کھولو۔'' جب گٹھے کھولے گئے تو اس میں سے ایک گٹّھے میں ایک بہت خوفناک مُردہ اژدھا ایک کانٹے کے ساتھ اُلجھا ہوا تھا۔ آپ علیہ السلام نے اس لڑکے سے پوچھا: ''تم نے کون سی بڑی نیکی کی ہے ؟''اس نے عرض کی: '' میں نے آج کوئی بڑی نیکی تونہیں کی، ہاں! اتنا ضرور ہے کہ آج ہمارے دوستوں میں سے ایک دوست اپنے ساتھ کھانا نہیں لایا تھا تو میں نے اسے اپنے ساتھ کھانے میں شریک کرلیا۔'' لڑکے کی یہ بات سن کرآپ علیہ السلام زبان حال سے فرمارہے تھے : '' بس اسی نیکی کی وجہ سے آ ج تو ہلاکت سے محفوظ رہا ۔''

(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ  عليہ وسلم)
حکایت نمبر449:         حضرتِ سیِّدُنافاروقِ اعظم رضی اللہ عنہ کی سادگی
     خلیفۃالمسلمین، امیر المؤمنین، خلیفۂ ثانی حضرتِ سیِّدُناعمر فاروقِ اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ خلیفہ بننے کے بعد انتہائی سادہ غذا استعمال فرمانے لگے جس کی وجہ سے بظاہر کمزور نظر آنے لگے۔ حضرتِ سیِّدُنا محمد بن قَیْس رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں: '' ایک مرتبہ کچھ لوگ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی صاحبزادی اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا حَفْصَہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاکے پاس آئے اورعرض کی:''کمزوری کی وجہ سے امیر المؤمنین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی گردن نظر آنے لگی ہے، آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا جسم کافی کمزور ہوگیا ہے اور کپڑے بھی ایسے پہنتے ہیں کہ جن پر کئی کئی پیوند لگے ہوتے ہیں ۔آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ان سے عرض کریں کہ کچھ اچھا کھانا کھا لیا کریں اور عمدہ ونرم لباس پہن لیا کریں، اس طرح انہیں لوگوں کے معاملات پر تقویت ملے گی ۔''جب اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا حَفْصَہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے لوگوں کی باتیں آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے سامنے بیان کیں تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا :''کیا میرے آقا ومولیٰ حضرت سیِّدُنا محمد ِ مصطفی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے بھی اپنی زندگی میں کبھی عمدہ و نرم بستر استعمال فرمایا ؟ تم تو بہتر جانتی ہو،بتاؤ !حضور صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کیسا بستر استعمال فرماتے تھے ؟'' عرض کی:'' آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا بستر ایک کمبل تھا جسے دوہرا کر دیاجاتا، جب وہ سخت ہو جاتا تو میں اسے چار تہہ کرکے بچھادیا کرتی اور آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا بستر یہی چادر تھی ۔'' فرمایا:''اچھا مجھے بتاؤ! حضور صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کے سب سے قیمتی وعمدہ لباس میں کیا چیز شامل تھی ؟''عرض کی :''ایک دھاری دار چادر تھی جسے ہم نے ہی بنایا تھا، حضور صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّمجب اسے زیب ِتن کرکے باہر تشریف لے گئے تو کسی نے وہ چادر مانگ لی ،آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے وہ چادر اسے عنایت فرمادی ۔''
Flag Counter