Brailvi Books

عُیونُ الحِکایات (حصہ دوم)
203 - 412
    ''اے میرے پاک پروردْگار عَزَّوَجَلَّ ! آج کے دن میں تیری بارگاہ میں سچی تو بہ کرتاہوں، میری یہ تو بہ اخلاص پر مبنی ہے، میں تیرے علاوہ کسی اور کی طرف متوجہ نہیں۔ اے میرے مولیٰ عَزَّوَجَلَّ ! مجھ سے آج تک جو عبادت ہوسکی اسے قبول فرمالے ، میری سابقہ خطاؤں کو معاف فرمادے، مجھ سے گناہوں کی گندگی دور فرمادے۔ میرے رحیم وکریم پروردگار عَزَّوَجَلَّ ! مجھ پر رحم فرما۔ میرے مالک ومولیٰ عَزَّوَجَلّ! اب میں تیری فرمانبرداری اور اطاعت کا پَٹا اپنی گردن میں ڈالتا ہوں ، میرے جسم کا رُواں رُواں تیری بارگاہ میں معافی کا طلب گار ہے۔ میرے مالک عَزَّوَجَلَّ ! اگر تو نے مجھے معاف نہ کیا تو میں بر باد ہوجاؤں گا۔'' اتنا کہہ کر وہ نوجوان منہ کے بل زمین پر گر پڑا ، لوگوں نے اسے اٹھایا تو بے ہوش ہوچکاتھا ، پھر وہ ایسا بیمار ہو اکہ سنبھل نہ سکا۔ حضرت سیِّدُنا صالح مُرِّی علیہ رحمۃ اللہ القوی اور آپ کے دیگر رفقاء اس نوجوان کی عیادت کو جاتے رہے۔ بالآ خر وہ نوجوان اس دنیائے فانی سے رخصت ہوکر دارِ بقا کی طرف کُوچ کر گیا۔ اس کے جنازہ میں کثیر لوگوں نے شرکت کی ۔حضرتِ سیِّدُنا صالح مُرِّی علیہ رحمۃ اللہ القوی اکثر اپنی محفل میں اس کا ذکرکیا کرتے اور فرماتے: ''قرآن کی آیات اور فکر ِ آخرت سے معمور بیان سن کر وہ نوجوان موت کی آغوش میں پہنچ گیا ۔''

    مرنے کے کچھ دن بعد کسی نے اسے خواب میں دیکھ کر پوچھا:'' تمہارے ساتھ کیا معاملہ ہوا ؟'' کہا :'' حضرتِ سیِّدُنا صالح مُرِّی علیہ رحمۃ اللہ القوی کے بابرکت اجتماع کے صدقے میری مغفرت ہوگئی اور میں اللہ عَزَّوَجَلَّ کی اُس رحمت کے سائے میں پہنچ گیا جوہر چیز کو گھیر ے ہوئے ہے ۔''

(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔ آمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وسلَّم)

؎ رحمت دا دریا الٰہی ہر دم وَگْدا تیرا         جے اک قطرہ بخشیں مینوں کم بن جاوے میرا 

    (میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! نیکوں کی صحبت دنیا وآخرت میں کامیاب وکامران کر دیتی ہے۔ جہاں نیکوں کا تذکرہ ہو وہاں رحمت کی چھما چھم بارش ہوتی ہے ۔ تو جہاں نیک لوگ خود جلوہ افروز ہوں وہاں رحمتِ خداوندی کا کیا عالَم ہو گا۔الحمدللہ عَزَّوَجَلَّ! قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں ہزاروں مسلمان شرکت کرتے ہیں اور جہاں 40) ( مسلمان جمع ہوں وہاں اللہ عَزَّوَجَلَّ کا ایک ولی ضرورہوتا ہے۔ اولیاء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ علیہ کے فیض سے مستفیض ہونے کے لئے اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے دعوت اسلامی کے ہفتہ وارسنتو ں بھرے اجتماع میں پابندیئ وقت کے ساتھ شرکت فرما کر خوب خوب سنتوں کی بہاریں لُوٹئے۔)