پھر فرمایا:'' میری ایک نصیحت ہمیشہ یاد رکھنا۔ کتاب اللہ عزوجل میں تمام احکامات آچکے ، تمام انبیاء کرام علیٰ نبیناوعلیہم الصلوٰۃ والسلام اوراولیاء کرام رحمہم اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین کا اس دنیا سے کوچ کرجانا ہمارے لئے ایک بہت بڑی نصیحت ہے ۔ہمیشہ موت کو یاد رکھنا۔اپنے دل کودنیا میں نہ الجھانا اور جب تو یہاں سے اپنی قوم کے پاس جائے تو انہیں (عذابِ آخرت) سے خوب ڈرانا ، اور تمام لوگو ں کا خیر خواہ اور ناصح بن کر رہنا اور کبھی بھی جماعت سے دور نہ ہونا ، اگر تو مسلمانوں کی بڑی جماعت سے جدا ہوگیا ،تو توُ دین سے جدا ہوجائے گا ۔ تجھے معلوم بھی نہ ہوگا اور تو جہنم میں داخل ہوجائے گا ۔''
پھر فرمایا:''اے میرے بھائی! تو اپنے لئے بھی دعا کرنا اور مجھے بھی دعاؤں میں یاد رکھنا۔''اس کے بعد آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اللہ عزوجل کی بارگاہ میں دعا کرنے لگے :''اے پرور دگار عزوجل! ہرم بن حیان کا گمان ہے کہ''یہ مجھ سے تیری خاطر محبت کرتا ہے اور تیر ی رضاہی کی خاطرمجھ سے ملاقات کرنے آیا ہے ۔ یا اللہ عزوجل! مجھے جنت میں اس کی پہچان کرادینا ، اور جنت میں بھی میری اس سے ملاقات کرادینا ۔یا اللہ عزوجل! جب تک یہ دنیا میں باقی رہے اس کی حفاظت فرما ، اور اسے تھوڑی ہی دنیا پر راضی رہنے کی توفیق عطا فرما۔یا اللہ عزوجل اسے جو نعمتیں تو نے عطا کی ہیں۔ان پر شکر کرنے والا بنادے ،ہماری طر ف سے اسے خوب بھلائی عطا فرما ۔''
پھر مجھ سے فرمایا:'' اے ابن حیان!تجھ پر اللہ عزوجل کی رحمت ہو اور خوب برکت ہو، آج کے بعد میں تجھ سے ملاقات نہ کرسکوں گا،بے شک میں شہرت کو پسند نہیں کرتا۔جب میں لوگو ں کے درمیان ہوتا ہوں تو سخت پریشان اور غمگین رہتا ہوں۔بس مجھے توتنہائی بہت پسند ہے۔آج کے بعد تو میرے متعلق کسی سے نہ پوچھنا۔ اور نہ ہی مجھے تلاش کرنا۔میں ہمیشہ تجھے یاد رکھوں گا، اگر چہ تم مجھے نہ دیکھو گے اور میں تجھے نہ دیکھ سکوں گا۔ میرے بھائی! تو مجھے یا در کھنا ،میں تجھے یا د رکھوں گا۔ میرے لئے دعا کرتے رہنا۔ اللہ عزوجل نے چاہا تو میں تجھے یاد رکھوں گا اور تیرے لئے دعا کرتا رہوں گا۔ اب تو اس سمت چلا جا اور میں دوسری طر ف چلا جاتا ہوں ۔
یہ کہہ کر آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ایک طر ف چل دیئے۔ میں نے خواہش ظاہر کی کہ کچھ دُو رتک آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے ساتھ چلوں، لیکن آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے انکار فرمادیا، اور ہم دونوں روتے ہوئے ایک دوسرے سے جدا ہوگئے۔
میں بار بار آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو مڑمڑ کر دیکھتا ،یہاں تک کہ آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ایک گلی کی طر ف مڑگئے۔ اس کے بعد میں نے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کوبہت تلاش کیا لیکن آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ مجھے نہ مل سکے، اور نہ ہی کوئی ایسا شخص ملا جو مجھے آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کے متعلق خبر دیتا۔ہاں! اللہ عزوجل نے مجھ پر یہ کرم کیا مجھے ہفتے میں ایک ،دو مرتبہ خواب میں آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی زیارت ضرور ہو تی ہے ، (اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی صلی اللہ تعالی عليہ وسلم)))