پیارے اسلامی بھائیو ! اللہ عزوجل ہر چیز پر قادر ہے ۔ وہ کسی بھی معاملہ میں ہرگز ہرگز کسی کا محتاج نہیں ۔اُس نے اپنی قدرت کاملہ سے دنیا کوبنایا پھر اس کو طرح طرح سے سجایا اورپھر انسانوں کو اس میں بسایا اور انسانوں کی ہدایت کے لئے وقتاً فوقتاً رُسل و انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کو مبعوث فرمایا ۔ وہ اگر چاہے تو انبیاء علیہم الصلوٰۃ والسلام کے بغیر بھی بگڑے ہوئے انسانوں کی اصلاح کرسکتاہے ۔ لیکن اُس کی مشیت ہی کچھ اسطرح ہے اور اُس نے یہی پسند فرمایا کہ میرے بندے ہی نیکی کی دعوت دیں اور برائی سے منع کریں ۔اور اس طرح وہ میری راہ میں مشقتیں جھیلیں اور میری بارگاہ عالی سے درجات رفیعہ حاصل کریں ۔چنانچہ نیکی کی دعوت دینے اور برائی سے منع کرنے کے منصب عالی کی بجا آوری کے لئے اللہ عزوجل اپنے رسولوں اور نبیوں علیہم الصلوٰۃ والسلام کو دنیا میں بھیجتا رہا اور آخر میں اپنے پیارے حبیب صلي اللہ عليہ وسلم کو بھیجا اور سرکار مدینہ صلي اللہ عليہ وسلم پرسلسلہ نبوت ختم فرمایااور پھر یہ عظیم الشان منصب اپنے پیارے حبیب صلي اللہ عليہ وسلم کی امت کے سپر د کیا تاکہ اسلامی بھائی خود ہی آپس میں ایک دوسرے کی اصلاح کرتے رہیں اور نیکی کی دعوت کے اس اہم فریضہ کو انجام دیتے رہیں ۔اور اب اسطرح رہتی دنیا تک ہر مسلمان اپنی اپنی جگہ پر مبلغ ہے ۔اب ہم غلامان مصطفی صلي اللہ عليہ وسلم کو ہی ایک دوسرے کی اصلاح کی کوشش کرنی ہے ۔ کیونکہ اب کوئی نبی نہیں آئے گا۔اب نیکی کی دعوت کو عام کرنے کا اہم منصب اس امت کے سپر د کیا گیا ہے ۔