چونکہ نیکی کی دعوت دینے والوں کا ساتھ دینا بھی عظیم نیکی ہے۔ لہٰذا آپ بھی ہمارے ساتھ اس نیک کام میں تعاون فرمائیں اور علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت میں شرکت فرمائیں۔
پھر اس طرح کہیں:''علاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت ''میں شرکت کی سعادت حاصل کرنے والے اسلامی بھائی میرے سیدھی جانب تشریف لے آئیں۔جب کچھ اسلامی بھائی سیدھی جانب آجائیں تو بیان کرنے والا اسلامی بھائی بقیہ اسلامی بھائیوں سے اس طرح کہے: میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! قریب قریب تشریف لے آئيے۔ ان شآء اللہ عزوجل یہاں مسجد میں بھی بیان جاری رہے گا ۔ مسجد میں بیٹھنے سے ڈھیروں نیکیاں حاصل ہوتی ہیں چنانچہ سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
''جو قوم کتاب اللہ کی تلاوت کے لیے اللہ تعالیٰ کے گھروں میں سے کسی گھر میں جمع ہواورایک دوسرے کے ساتھ درس کی تکرار کرے تو اُن پر (I)سکینہ (اطمینان وسکون)نازل ہوتاہے (ii)رحمت انہیں ڈھانپ لیتی ہے (iii)فرشتے انہیں گھیر لیتے ہیں ۔ (iv)اوراللہ تعالیٰ ان کا ذکر فرشتوں کے سامنے فرماتاہے ۔''