ہے: ''پُل صراط کی پشت پر آگ کے آنکڑے ہوں گے تو جس نے حرام کاایک بھی درہم لیاہوگاوہ آنکڑے اس کے پاؤں کو پکڑلیں گے تووہ اس وقت تک پُل صراط سے نہیں گزر سکے گا جب تک اس درہم کامالک بدلے میں اس کی نیکیوں میں سے نہ لے لے گااور اگر اس کے پاس نیکیاں نہ ہوں گی تواس (مالک ِدرہم)کے گناہ اس کے سر ڈال دیئے جائیں گے اور وہ جہنم میں گرپڑے گا،اس سے پہلے کہ تمہاری نیکیاں چھین لی جائیں جو مال ظلماًلیاہے اسے اس کے مالک کولوٹادو۔''
(۳)۔۔۔۔۔۔ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَرصلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم كافرمانِ عبرت نشان ہے: ''جس نے کوئی شے چوری کی قیامت کے دن اس حال میں آئے گا کہ اس کی گردن میں آگ کاطوق ہوگااور جس نے حرام کی کوئی شے کھائی اس کے پیٹ میں آگ بھڑ کائی جائے گی اوروہ جس وقت اپنی قبر سے اُٹھے گاساری مخلو ق اس کی بھیانک آواز سے کانپ اُٹھے گی یہاں تک کہ خدائے اَحکم الحاکمین عزوجل نے مخلوق کے درمیان جو فیصلہ فرماناہے فرمادے۔''
پس اے کمزور وناتواں بندے!توبہ کے ذریعے اپنے گناہوں کی بیماری کاعلاج کرلے اور اپنے مولیٰ عزوجل سے دعا مانگ ،شاید وہ تجھے(گناہوں سے) شفاء دے دے تو ممکن ہے کہ وہ تم پر رحم فرمائے اور تجھے اپنا قُرب عطافرمائے۔ اس سے پہلے کہ تجھے عذاب میں مبتلاکرکے غمگین ورُسواکیاجائے اور تیری زبان گونگی ہوجائے اور تیرے دل پر مہر لگ جائے ،تو اپنی آخرت کازادِ راہ خوب اکٹھاکر لے کیونکہ تھوڑا زادِ راہ تجھے کافی نہ ہوگا۔