Brailvi Books

نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں
128 - 133
    پس اے اللہ عزوجل کے بندو!اپنی جوانی کے دنوں کواطاعتِ خداوندی عزوجل میں گزارنے میں سبقت لے جاؤ،اوراپنے رب تعالیٰ کے دیدار کے شوق میں خوب عبادت کرو کیونکہ ایک دن ایساہوگاجس میں اللہ عزوجل اپنے اولیاء پرتجلِّی فرمائے گا وہ یوں کہ جب جمعہ کادن ہوگاجس کانام اہلِ جنت کے ہاں ''یَوْمُ الْمَزِیْد''ہے، اللہ عزوجل تمام محلات کے دروازوں پر سیب بھیجے گا ،ہر ولی کو ایک ایک سیب دیاجائے گا، جب وہ اسے اپنے ہاتھ میں پکڑلے گاتواس کے دو ٹکڑے ہوجائیں گے اور درمیان سے ایک حور نکل آئے گی جس کے پاس مُہر کیاہواایک خط ہوگاوہ کہے گی :'' اللہ عزوجل تمہیں اپنے سلام سے نوازتا ہے اور یہ تمہارے نام اس کاخط ہے ۔''جب وہ اس کو کھولے گاتو اس میں یہ لکھاہوا ہوگا:''یہ خط اللہ عزیزوعلیم کی طرف سے فلاں بن فلاں کے نام ہے ، میں تمہاری ملاقات کامشتاق ہوں اوراگرتم بھی میری ملاقات کا شوق رکھتے ہوتومیری زیارت کے لئے آجاؤ۔''(خط پڑھ کر)وہ کہے گا:''میری کیا حیثیت کہ وہ مجھ سے پوچھے یہ تومحض اس کافضل وکرم ہے جب میرارب عزوجل مجھ سے ملاقات کامشتاق ہے تو میں بھی اس کے دیدار کا بے حدشوق رکھتا ہوں ۔'' 

    پھر شریف مرد اورپردہ نشین عورتیں سوار ہوجائیں گے تمام مرد ہمارے سردارحضرت محمدِ مصطفی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں اورتمام عورتیں حضرتِ سیدتنا فاطمۃالزہرارضی اللہ تعالیٰ عنہاکے حضور حاضر ہونے کے لئے چل پڑیں گی، سرکارِ مدینہ ، قرارِ قلب وسینہ ،با عثِ نُزولِ سکینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم براق پر سوارہوں گے، آپ کے لئے لِوَاءُ الْحَمْد(یعنی وہ جھنڈا جوقیامت میں نبئ کریم، رء ُوف رحیم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کوعطافرمایاجائے گا) لہرایاجائے گااوروہ جھنڈاچارہزار سبزریشم کے کپڑوں کا ہوگا اس پر نورسے لکھا ہوا ہو گا،