Brailvi Books

نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں
115 - 133
    پھر اللہ عزوجل (اپنے اور بندوں کے درمیان)حجاب کو حائل کرکے فرمائے گا: '' اے میرے بندو!اپنے ٹھکانوں پر چلے جاؤمَیں تم سے راضی ہوں اور میں نے تمہارے حسن میں ستر(70) گنااضافہ کردیاہے ۔''

    تمام مرداور عورتیں ایک ہی مکان میں ہوں گے لیکن ان کے درمیان نور کا ایک حجاب ہوگا یہاں تک کہ ایک دوسرے کی بیویوں کونہ دیکھيں گے مردوں کے لئے جو اعزاز ہوگااُتنا ہی اعزازعورتو ں کے لئے بھی ہوگا،جب حق تبارک وتعالیٰ تجلی فرمائے گا تو تمام مردوعورتیں اس طرح ایک ساتھ مشاہدہ حق تعالیٰ کریں گے جیسے سورج کے طلوع ہوتے وقت ساری مخلوق ایک ہی وقت میں اسے دیکھ لیتی ہے اور بے شک اللہ تبارک وتعالیٰ تشبیہ دیئے جانے سے پاک ہے اور نہ کوئی اس کے مشابہ ومثل ہوسکتا ہے ۔

    پھر اللہ عزوجل فرمائے گا:''اے میرے فرشتو!میرے بندے جن سواریوں پر آئے تھے اِنہیں اُن کے علاوہ نئی سواریاں پیش کرو۔''ملائکہ انہیں سرخ یاقوت کا گھوڑا پیش کریں گے جس کی زین بھی سرخ ہوگی اور اس کے بازو سبز ہوں گے جوکہ سبز حُلّوں سے بھرے ہوئے ہوں گے پھر اللہ عزوجل ان سے فرمائے گا:''بازارِ معرفت (یعنی ایک دوسرے کی پہچان کے بازار) کی سیر کرو،تووہ وہاں سیرکرتے ہوئے ایک دوسرے سے گفتگوکریں گے توکوئی کسی کو(پہچان ) کرکہے گا:''یہ تو وہی ہے ، اے میرے بھائی! تم جنت میں کس جگہ رہتے ہو؟''تو دوسراجواب دے گاکہ میں فلاں جنت میں فلاں جگہ رہتاہوں ۔'' اس طرح ایک دوسرے سے متعارَف ہوں گے پھر ملائکہ کہیں گے: ''جب تم دنیاکے بازار میں جاتے تھے اور تمہیں کوئی کپڑا یاکوئی چیز پسند آجاتی تو قیمت ادا کئے بغیر تم اسے نہیں لے سکتے تھے مگر تمہارے رب عزوجل نے تمہارے لئے اس بازار میں ہر شے رکھوا دی ہے جس چیز کی تمہیں خواہش ہوقیمت اداکئے بغیر لے سکتے ہو۔''