Brailvi Books

نیکیوں کی جزائیں اور گناہوں کی سزائیں
114 - 133
    اس کے بعد اللہ عزوجل (اپنی شایانِ شان) اپنے وجہِ کریم سے حجاب اٹھادے گا اور فرمائے گا،''اے میرے بندو!میں کون ہوں ؟''لوگ عرض کریں گے ،''تو اللہ عزوجل، ہمارے رزق کامالک ہے ۔''اللہ عزوجل فرمائے گا:''اے میرے بندو! میں سلام (یعنی سلامتی دینے والا) ہوں اور تم مسلمان ہو،میں مؤمن (یعنی امان دینے والا) ہوں اور تم مؤمنین ہو،میں حبیب ہوں اور تم مُحِبِّیْن(یعنی محبت کرنے والے)ہو ، یہ میرا کلام ہے تم اِسے سنو،یہ میرا نور ہے تم اِسے دیکھو اور یہ میراوجہِ کریم ہے تم اس کادیدار کرو۔''

    اس وقت سب جنتی اللہ تبارک وتعالیٰ کے وجہِ کریم کا دیدار بغیر واسطے اور بغیر حجاب کے کریں گے،جب حق تعالیٰ کے وجہِ کریم کانور ان کے چہروں پر پڑے گاتو ان کے چہرے نور سے جگمگااٹھیں گے اور وہ اللہ تعالیٰ کے وجہِ کریم پر نظر ڈال کر لطف اندوز ہوں گے تو تین سو(300) سال تک اللہ تعالیٰ کے وجہِ کریم کی طرف اس طرح نظر جمائے دیدار کرتے رہیں گے کہ وجہِ کریم کو دیکھنے کی لذتِ شدید کی وجہ سے ان میں کسی کویہ طاقت نہ ہوگی کہ وہ پلک بھی جھپک سکے وہ اپنے دیکھنے کی لذّت سے اس کے جمال میں محو ہو جائیں گے، ان کی نگاہیں اللہ عزوجل کی صفتِ کمال پر جمی ہوں گی ۔

    اللہ عزوجل لذّت بھرے خطاب کے ساتھ انہیں مخاطب کر کے فرمائے گا: ''اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ ،اے میرے محبوب بندو!آج تم جتناچاہومجھ سے فیض حاصل کرلو اور خوب سیراب ہوجاؤ تمہارے لئے میرے وجہِ کریم سے پردے اٹھادیئے گئے ہیں۔'' پھر حق تبارک وتعالیٰ ہر مردوعورت کو ایک ایک انار عطافرمائے گاجس کا چھلکا سونے کاہوگااس کے اندر انار کے دانوں کی جگہ رنگ برنگے حُلَّے ہوں گے ایک حلَّہ سبز، ایک زرد،ایک سفیداور ایک حلہ مختلف رنگوں پر سونے سے کڑھاہواہوگا ۔