تشریف فرماہوکر سورۂ یٰس اور سورهٔ طٰہٰ کی تلاوت کیجئے۔'' توسلطانِ دوجہاں، صاحبِ قرآں ،صاحب ِ حسنِ صوت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم تلاوت فرمائیں گے اور آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی آواز حضرت سیدنا داؤدعلیہ السلام کی آواز سے ستر(70) گنازیادہ خوش کن ہوگی ،سارے جنتی، ان کے نیچے کرسیاں ،عرش کی قندیلیں ،ملائکہ ، حوروغلماں اور بچے سب خوشی سے وجد وسرور میں آجائیں گے اور جنت کی کوئی چیز ایسی نہ ہوگی جو نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی سورهٔ یۤس اور سورهٔ طٰہٰ کی تلاوت پر آپ کی آواز کی نغمگی اور حسن سے نہ جھومتی ہوگی۔
پھر اللہ تبارک وتعالیٰ فرمائے گا:''اے میرے محبوب بندو!کیاتم نے اس سے بھی زیادہ اچھی آواز کبھی سنی تھی ؟''تووہ عرض کریں گے :''تیری عزت اور جلال کی قسم!جب سے ہم پیداہوئے ہیں اس سے اچھی آواز کبھی نہیں سنی اور اپنے محبوب آقا صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی آوا ز سے زیادہ میٹھی آواز کسی کی نہیں سنی ۔''اللہ عزوجل فرمائے گا،''میری عزت وجلال کی قسم !میں تمہیں اس سے بھی زیادہ میٹھی اور زیادہ سریلی آواز سناؤں گاپھر اللہ تبارک وتعالیٰ خود سورۂ اِنْعَام سنائے گا،جب جنتی حق تبارک وتعالیٰ کاکلام سنیں گے تو وجد ومستی میں ہوش وحواس کھوبیٹھیں گے تمام مال واسباب ، پردے، حجابات،محلات،درخت،حوریں اورنور کے سمندر بے قرار ہو جائیں گے ، باغات جھوم اٹھیں گے ،تمام درخت اورنہریں کلامِ عزیزوغفَّارعزوجل کی مٹھاس سے وجد کرنے لگیں گی جنت بھی وجد میں آجائے گی اس کے ستون خوشی سے لہرائیں گے، عرش،کرسی ،ملائکہ سب جھومنے لگیں گے اور جنت اپنے تمام سازوسامان سمیت محبت وشوق سے وارفتہ ہوجائے گی ۔