نَمازِ جنازہ باعثِ عبرت ہے
حضرتِ سیِّدُنا ابو ذَرغِفاری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا ارشاد ہے: مجھ سے سرکارِ دو عالَم، نورِ مجسَّم ، شاہِ بنی آدم ، رسولِ مُحْتَشَم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا: قبروں کی زیارت کرو تاکہ آخِرت کی یاد آئے اور مُردے کو نہلاؤ کہ فانی جِسم( یعنی مُردہ جسم ) کا چُھونا بَہُت بڑی نصیحت ہے اور نَمازِجنازہ پڑھو تا کہ یہ تمہیں غمگین کرے کیوں کہ غمگین انسان اللہ عَزَّوَجَلَّ کے سائے میں ہوتا ہے اور نیکی کا کام کرتا ہے۔ (اَلْمُستَدرَک لِلْحاکِم ج۱ص۷۱۱حدیث ۱۴۳۵)
میِّت کو نہلانے وغیرہ کی فضیلت
مولائے کائنات ،حضرتِسیِّدُنا علیُّ المرتضیٰ شیر خدا کَرَّمَ اللہ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے روایت ہے کہ سلطانِ دوجہان، شَہَنشاہِ کون ومکان، رَحمتِ عالمیان صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اِرشاد فرمایاکہ جو کسی میِّت کو نہلائے ،کفن پہنائے ، خوشبو لگائے ، جنازہ اُٹھائے ، نَماز پڑھے اور جو ناقِص بات نظر آئے اسے چُھپا ئے وہ اپنے گناہوں سے ایسا پاک ہو جاتا ہے جیسا جس دن ماں کے پیٹ سے پیدا ہوا تھا۔ (اِبنِ ماجہ ج۲ص۲۰۱حدیث۱۴۶۲)
جنازہ دیکھ کر پڑھنے کا وِرْد
حضرتِ سیِّدُنا مالِک بن اَنَس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو بعدِوفات کسی نے خواب میں دیکھ کر پوچھا: مَا فَعَلَ اللّٰہُ بِکَ؟ یعنی اللہ عَزَّ وَجَلَّنے آپ کے ساتھ کیا سُلوک فرمایا؟