علامہ قطب الدین شارح ''مطالع''کے مایہ ناز شاگرد مبارک شاہ مصر میں اپنے مدرسہ کے صحن میں چہل قدمی کررہے تھے، اتنے میں انہیں ایک کمرے سے گفتگو کی آواز سنائی دیتی ہے۔ قریب پہنچے تو معلوم ہوا کہ ایک طالب علم ''شرح مطالع''کی تکرار کر رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ شارح ''مطالع''نے یہ کہا ، استاد نے یہ کہا، اور میں یہ کہتا ہوں، پھر جو اس نے تقریر کی تواس کی تقریر کی لطافت، روانی اور جولانی کو دیکھ کر مبارک شاہ پر وجد طاری ہوگیا اور وہ فرط مسرت میں رقص کرنے لگے۔
اندر جا کر دیکھا تو یہ وہی ہونہار طالب علم تھا جو سولہ۱۶ مرتبہ ''شرح مطالع''پڑھنے کے بعد شوق کا دریا سینے میں چھپائے خود شارح کے پاس ''ہرات''جا پہنچا تھا ۔ اس وقت شارح ،عمر کی ایک سو۱۲۰ بیس منزلیں طے کر چکے تھے۔اور ان کی پلکیں ڈھلک کر آنکھوں کے اوپر آچکی تھیں۔انہوں نے بمشکل پلکوں کو اوپر اٹھا کر دیکھا تو نوجوان کی آنکھوں میں بلا کی ذہانت چمک رہی تھی۔انہوں نے اپنے بڑھاپے کے پیش نظر پڑھانے سے معذرت کی اور اس نوجوان کے والہانہ شوق کو دیکھتے ہوئے یہ مشورہ دیا کہ تم مبارک شاہ کے پاس مصرچلے جاؤ وہ ہو بہو میری کاپی ہے۔
مبارک شاہ کو یاد آیا کہ جب یہ شوق مجسم میرے پاس آیا تھا تو میں نے تعلیم کے لیے دو۲ شرطیں لگائی تھیں ایک یہ کہ تمہیں مستقل طور پر سبق شروع نہیں کرایا جائے گا، کوئی امیر زادہ پڑھنے کے لیے آئے گا تو تم بھی شریک درس ہو سکو گے،دوسری یہ کہ تمہیں کوئی سوال پوچھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔علم کے شیدائی نے یہ دونوں شرطیں خندہ پیشانی سے قبول کرلیں، اور درس میں شریک ہونے لگا۔
آج مبارک شاہ کو اندازہ ہواکہ یہ نوجوان امتحان میں کامیاب ہو چکا ہے،آگے بڑھ کر اسے گلے سے لگایا اور اجازت دے دی کہ آج کے بعد تم جو پوچھنا چاہو،پوچھ سکتے ہو،یہ ہونہار طالب علم ''میر سید شریف جُرجَانی علیہ رحمۃ اللہ الغنی ''تھے۔
آپ کا نام علی ابن محمد ابن علی جرجانی ہے۔ آپ حسینی ہیں ۲۲شعبان ۷۴۰ھ بمطابق ۱۳۳۹ء کو''جرجان''(مملکت خوارزم کے ایک شہر)میں پیدا ہوئے۔اپنے زمانہ کے اکابر علماء سے علم حاصل کیا۔مبارک شاہ سے''شرح مطالع'' پڑھی۔''ہدایہ''کے محشی علامہ اکمل الدین محمد بن محمود بابرتی سے علوم دینیہ حاصل کیے۔یہاں تک کہ اپنے ہم عصر علماء سے سبقت لے گئے۔اور''السید''، ''السند''،''الشریف''اور ''میر سید''کے القاب سے مشہور ہوئے۔
میر سید نے حضرت خواجہ بہاؤالدین نقشبند رحمۃ اللہ تعالی علیہ کے جلیل القدر خلیفہ خواجہ علاء