علم نحو کی اہم ترین بنیادی اصطلاحات اورنحوی قوانین پرمشتمل انتہائی مختصر اور جامع رسالہ'' نحومیر''صدہا سالوں سے ہمارے بلاد پاک وہند کے مدارس دینیہ میں داخل نصاب اور اپنی افادیت میں بے مثال ولاجواب ہے۔نحوِ میر کی اسی اہمیت کے پیشِ نظر تبلیغ قرآن وسنت کی عالم گیر غیرسیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کی مجلس جامعات المد ینہ نے اسے جامعۃ المدینہ کے درسِ نظامی کے نصاب میں شامل کیا ہے ۔
اَلْحَمْدُ ﷲ عَزَّوَجَلَّ طلبہ اور کم استعداد رکھنے والے اسلامی بھائیوں کی سہولت کے لیے'' دعوت اسلامی ''کی مجلس ''المدینۃ العلمیۃ''کے شعبۀ''درسی کتب'' کی جانب سے اس کا بامحاورہ اردو ترجمہ بنام ''عطر التحریر''پیش کیاجارہاہے ۔ نیز اس کے ساتھ ''المدینۃ العلمیۃ'' کی طرف سے اردو حاشیہ نحو منیرکا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو در حقیقت امام النحو حضرت علامہ مولانا غلام جیلانی میرٹھی علیہ رحمۃ اللہ الغنی کی شرح ''البشیر '' اور شرف ملت حضرت علامہ عبد الحکیم شرف قادری علیہ رحمۃ اللہ القوی کے حاشیہ کی تلخیص ہے۔''نحومیر''کے آخر میں متعدد مفید رسائل چھپے ہوئے ملتے ہیں لیکن عام طور پر مدارس میں وہ رسائل پڑھائے نہیں جاتے اس لیے پیش نظر اشاعت میں ان کو شامل نہیں کیا گیا۔ البتہ''نحومیر''کے ساتھ مستثنیٰ کی بحث کو شامل کیا جارہاہے۔
اللہ تبارک وتعالیٰ ہماری ناقص کوششوں کو اپنی رحمت کاملہ کے طفیل شرف قبولیت عطا فرمائے۔
مرا ہر عمل بس ترے واسطے ہو
کر اخلاص ایسا عطا یا الٰہی عَزَّوَجَلَّ
المدینۃ العلمیۃ(شعبہ درسی کتب)