Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
94 - 4047
حدیث نمبر 94
روایت ہے حضرت محمود ابن لبید سے  ۱؎ کہ نبی صلی اللہ  علیہ وسلم نے فرمایا کہ دو چیزیں ہیں جنہیں انسان ناپسند کرتا ہے،وہ موت کو ناپسند کرتا ہے حالانکہ موت مؤمن  کے لیے فتنے سے بہتر ہے ۲؎ اور مال کی کمی کو ناپسند کرتا ہے حالانکہ مال کی کمی حساب کو کم کردے گی ۳؎(احمد)
شرح
۱؎  آپ انصاری شبلی ہیں،عہدِ رسالت میں پیدا ہوئے،صحیح یہ ہے کہ آپ صحابی ہیں،    ۹۶ھ؁  میں آپ کی وفات ہے۔

۲؎ زندگی وہ اچھی ہے جو رب تعالٰی کی اطاعت میں صرف ہو،کفروطغیان و عصیان کی زندگی سے موت بہتر ہے یہاں یہ ہی مراد ہے۔فتنہ سے مراد ہے گناہ و غفلت وغیرہ۔حضورصلی اللہ علیہ وسلم ایک دعا مانگتے تھے جس کے آخر میں یہ تھا و اذا اردت بعبادك فتنۃ فاقبضنی الیك غیر مفتون مولٰی جب تو اپنے بندوں کو فتنہ میں مبتلا کرے تو مجھے بغیر مبتلا کیے ہوئے موت دیدے۔

۳؎ یہ ان امیروں کے لیے ہے جن کا حساب ہونا ہے،واقعی ایسی امیری سے غریبی اچھی کہ اس غریبی میں جنجال وبال بہت کم ہوتے ہیں،ہاں جن امیروں کا حساب نہیں وہ تو بڑے مزے میں ہیں جیسے حضر ت عثمان غنی اور دوسرے امیر المؤمنین۔
Flag Counter