Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
66 - 4047
حدیث نمبر 66
روایت ہے حضرت عبداﷲ ابن عمرو سے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ  صلی اللہ  علیہ وسلم سے عرض کیا گیا کہ لوگوں میں سے کون افضل ہے؟ فرمایا ہر سلامت دل والا  ۱؎ سچی زبان والا، لوگوں نے عرض کیا کہ سچی زبان والے کو تو ہم جانتے ہیں تو سلامت دل والا کیا ہے ؟ ۲؎ فرمایا وہ ایسا ستھرا ہے جس پر نہ گناہ ہو نہ بغاوت نہ کینہ اور نہ حسد ۳؎ (ابن ماجہ، بیہقی شعب الایمان)
شرح
۱؎ مخموم بنا ہے خم سے،خم کے معنی ہیں گھر میں جھاڑو دینا،کہا جاتا ہے خمیت البیت دل گویا گھر ہے اسے برائیوں سے بچانا گویا اس میں جھاڑو دینا ہے۔

۲؎ حضور صلی اللہ  علیہ وسلم ایسے فصیح اللسان ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے کلام سمجھنے کے لیے لغت کی تلاش کرنی پڑتی ہے۔ یہ پوچھنے والے حضرات عرب تھے صاحبِ زبان تھے مگر مخموم کا ترجمہ پوچھ رہے ہیں۔

۳؎ ہر چیز کا کوڑا کچرا مختلف ہوتا ہے۔دل کا کوڑا یہ چیزیں ہیں جن سے دل میلا ہوتا ہے،پھر جیسے ناپاک بدن اس مسجد میں آنے کے قابل نہیں ایسے ہی ناپاک دل مسجد قرب الٰہی کے قابل نہیں،رب تعالٰی فرماتاہے:"اِلَّا مَنْ اَتَی اللہَ بِقَلْبٍ سَلِیۡمٍ"۔
Flag Counter