Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
61 - 4047
حدیث نمبر 61
روایت ہے حضرت عمرو سے کہ نبی صلی اللہ  علیہ وسلم نے ایک دن خطبہ ارشاد فرمایا تو آپ نے خطبہ میں فرمایا آگاہ رہو کہ دنیا موجودہ سامان  ۱؎ ہے جس سے نیک و بد سب کھاتے ہیں،آگاہ رہو کہ آخرت سچی معیاد ہے جس میں قدرت والا بادشاہ فیصلہ فرمائے گا ۲؎ خبردار کہ ساری خوبیاں اپنے کناروں سمیت جنت میں ہیں،آگاہ رہو کہ پوری مصیبت کناروں سمیت آگ میں ہے ۳؎ خبر دار کہ تم اللہ  سے ڈرتے ہوئے عمل کیا کرو ۴؎ اور جان رکھو کہ تم اپنے اعمال پر پیش کیے جاؤگے ۵؎ تو جو ذرّہ برابر نیکی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا اور جو ذرہ برابر برائی کرے گا وہ بھی اسے دیکھ لے گا ۶؎ (شافعی)
شرح
۱؎ عرض فانی سامان کو کہتے ہیں جو باقی نہ رہے۔دنیا کا مال رب تعالٰی کی رضا کی علامت نہیں،یہ مردودوں کو بھی مل جاتا ہے،ہاں دنیا میں توفیق خیر مل جانا رضا الٰہی کی دلیل ہے۔

۲؎ آخرت یعنی موت و قیامت کا وقت مقرر ہے،قیامت میں حاکم صرف اللہ  تعالٰی ہی ہوگا،تمام بادشاہوں اور حکام کی حکومتیں ختم ہوچکی ہوں گی۔

۳؎ یعنی دنیا کی راحتیں تکالیف سے محفوظ ہیں اور یہاں کی تکالیف میں بھی کچھ راحتوں کو آمیزش ہے آخرت  کی راحت تو خالص ہیں اور وہاں کی مصیبتیں ہیں تو وہ بھی خالص۔

۴؎یعنی نیک اعمال کرتے رہواور ساتھ ہی رب تعالٰی سے ڈرتے رہو کہ نہ معلوم یہ عمل قبول ہوں یا نہ ہوں۔مؤمن کا کام ہے کہ عمل کرنا اور ڈرنا،غافل منافق کا کام ہے کہ نہ کرنا اور اکڑنا۔

۵؎ اس عبارت میں قلب ہے۔مقصد یہ ہے کہ تم پر تمہارے اعمال پیش ہوں گے مگر فرمایا کہ تم اعمال پر پیش ہوگے جیسے کہا جاتا ہے عرضت الحوض علی الناقۃ میں نے حوض کو اونٹنی پر پیش کیا حالانکہ اونٹنی حوض کے سامنے کی جاتی ہے،اردو میں کہا جاتا ہے کہ گجرات آگیا حالانکہ گجرات تو اپنی جگہ پر رہا ہم گجرات میں آ گئےایسے ہی یہ ہے۔

۶؎ ذرہ سے مراد یا توریت کا ذرہ ہے یا چھوٹی چیونٹی۔اس آیت کریمہ کی تحقیق یہ ہے کہ من سے مراد یا تو صرف مسلمان ہیں اور خیر سے مراد وہ نیکی ہے جو ضبط نہ ہوچکی ہو اور شر سے مراد وہ گناہ ہے جو معاف نہ ہوچکا ہو اور دیکھنے سے مراد اس کی سزا و جز ا بھگتنا یعنی اے مسلمان تجھ کو ذرہ بھر نیکی کی جزا ء اور ذرہ بھر گناہ کی سزا ملے گی بشرطیکہ نیکی ضبط نہ ہوئی ہو گناہ معاف نہ ہوا ہو،یا من سے مراد ہر انسان ہے مؤمن ہو یا کافر اور د یکھنے سے مراد ہے اپنے اعمال کو آنکھ سے دیکھ لینا سزا جزا ہو یا نہ ہو یعنی ہر انسان اپنے ہر عمل کو اپنی آنکھوں سے دیکھے گا کہ مؤمن کو اس کے گناہ دکھا کر معاف کیے جائیں گے،کافر کو اس کی نیکیاں دکھا کر ضبط کی جائیں گی لہذا یہ آیت نہ معافی کی آیات و احادیث کے خلاف ہے نہ ضبطی اعمال کی آیات کے خلاف۔
Flag Counter