۱؎ اس فرمان عالی کے دو مطلب ہوسکتے ہیں: ایک یہ کہ عمارت پر خرچ کرنے کے لیے حرام مال جمع نہ کرو ورنہ اس میں حرام کا م ہی ہوا کریں گے،اچھی کمائی کی عمارت میں ان شاءاللہ اچھے کام ہی ہوتے ہیں،خراب میں خراب کام۔دوسرے یہ کہ حرام عمارتیں نہ بنائے جیسے ناچ گھر،سینما گھر،زنا گھر،شراب خانے،بت خانے وغیرہ۔
۲؎ اس جملہ کے بھی دو مطلب ہوسکتے ہیں: ایک یہ کہ مکانات،عمارات عنقریب ویران ہوجائیں گے پھر ان کے لیے حرام مال جمع کرکے اپنی آخرت کیوں برباد کرتے ہو ؟ ۔دوسرے یہ کہ حرام عمارتیں دین کی خرابی کی جڑیں ہیں کہ وہاں شرابیں،جوئے، بدمعاشیاں دن رات ہوا کریں گی،تم ایسی عمارتیں بنا کر مرجاؤگے مگر وہاں یہ گناہ ہوتے رہیں گے اور تم کو قبروں میں سزا ملتی رہے گی۔