| مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم |
روایت ہے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ اللہ کی راہ میں صبح یا شام چلنا ۱؎ دنیا سے اور دنیا کی تمام چیزوں سے بہتر ہے ۲؎ اور اگر جنت والی عورتوں میں سے کوئی عو رت۳؎ زمین کی طرف جھانکے تو ان دونوں کے درمیان کو چمکادے۴؎ اور ان کے درمیان کو خوشبو سے بھردے ۵؎ اور اس کے سر کی مانگ دنیا اور دنیا کی چیزوں سے بہتر ہے ۶؎ (بخاری)
شرح
۱؎ یہاں لو شک کے لیے نہیں بلکہ بیان نوعیت کے لیے ہے۔اللہ کی راہ میں چلنے کی صدہا قسمیں ہیں: نماز کے لیے مسجد میں جانا،طلب علم دین کے لیے جانا،جہاد کے لیے نکلنا،حج و عمرہ کے لیے جانا،کسی زندہ یا وفات یافتہ کی زیارت کے لیے جانا،حلال روزی کی تلاش کے لیے جانا سنت سمجھ کر۔(شعہ) ۲؎ دنیا سے مراد ہے نفس کے لیے کاروبار و اشغال اگر خدا کرم کرے تو کھانا پینا سونا بھی دین بن جاوے اگر کرم نہ کرے تو نماز و حج جہاد بھی دنیا بن جاوے یا مراد ہے دنیا کے عیش و آرام۔ ۳؎ یعنی حور جو آج موجود ہے یا جنت میں پہنچ چکنے کے بعد دنیا کی جنتی عورت بلکہ جنتی عورتوں کا حسن حوروں سے زیادہ ہوگا کہ ان پر عبادات کا حسن بھی ہوگا۔ ۴؎ یا تو مشرق و مغرب کے درمیان کو چمکا دے یا جنت اور زمین کے درمیان کے تمام علاقہ کو چمکادے، دوسرے معنی زیادہ ظاہر ہیں کہ یہاں جنت اور زمین ہی کا ذکر ہورہا ہے۔(مرقات بلکہ اشعۃ اللمعات نے اس آخری معنی کو اختیار فرمایا۔جنتی عورتوں کا حسن دیکھنے کے لیے آنکھیں بھی دوسری ہی عطا ہوں گی جو اس تابش کو جھیل سکیں،ہم تو ان آنکھوں سے سورج کو نہیں دیکھ سکتے۔مخلوق تو ان آنکھوں سے مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا اصل رنگ روپ نہیں دیکھ سکتے اس لیے معراج رات میں لوگوں سے چھپا کر کرائی گئی یعنی سارے معجزے دکھائے گئے مگر یہ بڑا معجزہ معراج دکھایا نہ گیا چھپالیا صرف سنا گیا کیونکہ اس دن حسن مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے اصلی رنگ میں تھا۔ ۵؎ یعنی جنت اور زمین کے درمیانی علاقہ کو مہکا دے وہ مہک بھی ایسی ہو جس کی دنیا والے تاب نہ لاسکیں،ہم خالص مشک سونگھیں تو ناک سے خون جاری ہوجاتا ہے وہ مہک تو اللہ اکبر! ۶؎ صیف سے مراد یا تو جنتی عورت کی مانگ ہے،مانگ میں موتیوں کی لڑی لگائی جاتی ہے،اس لڑی کے موتیوں کی قیمت دنیا کے سارے خزانوں سے زیادہ ہے یا سر پر باندھنے کا رومال جو امیر عورتیں دوپٹے کے نیچے رکھتی ہیں یا دوپٹہ، جو معنی بھی ہوں مطلب یہ ہی ہے،جنتی حوروں کی یہ چیزیں اتنی بیش قیمت ہیں کہ دنیا بھر کے سونے چاندی،ہیرے جواہرات،لعل گوہر اس ایک کی قیمت نہیں بن سکتے۔