Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
387 - 4047
الفصل الثانی

دوسری فصل
حدیث نمبر 387
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے یہ آیت پڑھی کہ اس دن زمین اپنی خبریں دے گی فرمایا کہ جانتے ہو کہ زمین کی خبریں کیا ہیں ۱؎ لوگوں نے عرض کیا اﷲ رسول ہی خوب جانتے ہیں فرمایا اس کی خبریں یہ ہیں کہ ہر بندے اور بندی پر گواہی دے گی اس کی جو اس نے اس کی پشت پرعمل کیے ۲؎  کہ کہے گی کہ مجھ پر فلاں فلاں دن فلاں فلاں عمل کیے فرمایا کہ زمین کی خبریں یہ ہیں۳؎ (احمد،ترمذی )اور فرمایا یہ حدیث حسن صحیح غریب ہے۔
شرح
۱؎ حضور انور کا یہ سوال خود جواب دینے کے لیے ہے جو بات پوچھ کر بتائی جاوے وہ خوب یاد رہتی ہے اس لیے اس طرح بتایا خود سائل خود مجیب۔

۲؎  زمین کی پیٹھ عام ہے خود زمین مکان کی چھت،پہاڑ کی چوٹی،سمندر کی سطح،ہوائی جہاز کی سیٹ جہاں بھی کوئی عمل کیا جاوے وہ زمین کی پیٹھ پر ہی ہے کیونکہ پہاڑ بھی زمین پر ہے اور پانی و ہوا بھی زمین پر ان میں سے جہاں بھی کچھ کیا جاوے وہ زمین کی پیٹھ پر ہی ہے،قبر کو زمین کا پیٹ کہا جاتا ہے اور ظاہری زمین کو زمین کی پیٹھ۔

۳؎  اس فرمان عالی سے معلوم ہوا کہ زمین میں حواس ہیں،یہ عمل کرنے والوں کو بھی پہچانتی ہے ان کے عملوں کو بھی اس کی یہ جان پہچان تفصیل وار ہے۔یہ بھی معلوم ہوا کہ زمین کو قیامت کے دن ہر ایک کی پہچان ہوگی ان کا ہرعمل یاد ہوگا۔
Flag Counter