Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
386 - 4047
حدیث نمبر 386
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ ایک بڑا موٹا آدمی قیامت کے دن آوے گا ۱؎  اللہ کے نزدیک مچھر کے پر برابر وزن نہ دے گا۲؎  اور فرمایا کہ یہ تلاوت کرو کہ ہم قیامت کے دن ان کا وزن نہ رکھیں گے۳؎ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎  عظیم سے مراد ہے دنیا میں درجہ کا بڑا،سمین سے مراد ہے جسم کا موٹا تازہ فربہ یعنی وہ دنیا میں سردار مالدار بھی تھا اور تندرست و توانا بھی مگر تھا منافق یا کافر۔

۲؎ یعنی وہ کافر ومنافق اور اس کے اعمال مچھر کے پر برابر بھی وزن نہ دیں گے کیونکہ ان میں ایمان نہیں،وزن ایمان و اخلاص کا ہوتا ہے۔

۳؎  اس آیت کریمہ کے دو معنی کیے گئے ہیں: ایک یہ کہ وزن بمعنی میزان ہے یعنی ہم قیامت میں کفار کے لیے میزان قائم ہی نہیں کریں گے کیونکہ وہاں وزن باٹ سے نہ ہوگا بلکہ نیکیوں کا بدیوں سے ہوگا،کافر کے پاس نیکیاں ہی نہیں پھر وزن کیسا۔دوسرے یہ کہ وزن بمعنی بوجھ ہے اورمعنی یہ ہیں کہ کفار کی نیکیوں میں ہم وزن نہیں رکھیں گے کہ ان کی نیکیاں صدقات خیرات وغیرہ تولے جائیں گے مگر بہت ہی ہلکے ہوں گے۔یہ دوسرے معنی زیادہ قوی ہیں کیونکہ قرآن کریم دوسری جگہ فرماتا ہے:"وَ اَمَّا مَنْ خَفَّتْ مَوٰزِیۡنُہٗ  فَاُمُّہٗ ہَاوِیَۃٌ"جس سے معلوم ہوا کہ کفار کی نیکیاں تولی جائیں گی مگر نہ اُٹھیں گی۔
Flag Counter