Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
31 - 4047
حدیث نمبر 31
 روایت ہے حضرت ابوہاشم ابن عتبہ سے  ۱؎ فرماتے ہیں کہ مجھ سے رسول اللہ  صلی اللہ  علیہ وسلم نے عہد لیا فرمایا کہ تمہیں مال جمع کرنے کے لیے ایک خادم اور اﷲ کی راہ میں ایک سواری کافی ہے ۲؎ (احمد،ترمذی،نسائی،ابن ماجہ)اور مصابیح کے بعض نسخوں میں بحائے ت کے ہاشم ابن عتبددال سے ہے اور یہ غلط ہے ۳؎
شرح
۱؎ آپ کا نام شبیہہ ابن عتبہ ہے،کنیت ابو ہاشم ہند بنت عتبہ کے بھائی، حضرت امیر معاویہ کے ماموں ہیں کیونکہ ہند امیر معاویہ کی والدہ ہیں،آپ فتح مکہ کے دن ایمان لائے،شام میں قیام رہا، خلافت عثمانی میں آپ کی وفات ہوئی، بڑے عالم فقیہ و صالح تھے،آپ سے حضرت ابوہریرہ وغیرہ صحابہ نے احادیث کی روایات لیں۔(مرقات وغیرہ)

۲؎ یعنی یہ غلام اور گھوڑا بھی ا ﷲ کے لیے ہوں محض خواہش نفسانی کے لیے نہ ہوں ان سے دینی کام جہاد یا تبلیغ حج یا طلب علم مقصود بالذات ہو دنیاوی کام مقصود بالتبع لہذا اگر بادشاہ اور امراء  نیت سے غلام یا گھوڑے رکھیں اس نیت سے کہ ضرورت پڑنے پریہ مجاہدین غازیوں میں تقسیم کرکے ان سے جہاد کرایا جائے گا تو بالکل درست ہے نیت خیر ہے۔ اس فرمان عالی کا مقصد یہ نہیں کہ ان دو چیزوں کے سواء اور کچھ پاس رکھو ہی نہیں،مقصد یہ ہے کہ بلا ضرورت چیزیں نہ رکھو آج بھی حکومتیں زور دیتی ہیں کہ بلاضرورت سامان نہ خریدو۔

۳؎ یہ غلطی مشکوۃ شریف کے نسخوں میں بھی ہے اور بعض حواشی میں بھی کہ عتبہ کو عتبد لکھا ہے بجائے ہ کے دال۔
Flag Counter