| مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم |
روایت ہے حضرت ابواسحاق سے ۱؎ فرماتے ہیں فرمایا حضرت علی نے اور اپنے بیٹے حسن کو دیکھا کہ یہ میرا یہ بیٹا سید ہے جیسے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے اسے سید فرمایا ۲؎ اس کی پشت سے ایک شخص نکلے گا ۳؎ جو تمہارے نبی کے نام سے موسوم ہوگا،عادت میں ان کے مشابہہ ہوگا اور شکل میں مشابہہ نہ ہوگا۴؎ پھر پورا قصہ بیان فرمایا کہ وہ زمین کو انصاف سے بھر دے گا (ابو داؤد)اور قصہ کا ذکر نہ فرمایا۔
شرح
۱؎ آپ ابواسحاق سبیعی ہمدانی کوفی ہیں،تابعی ہیں،بہت صحابہ سے آپ کی ملاقات ہے،شہادت عثمان رضی اللہ عنہ سے دو سال پہلے پیدا ہوئے اور ۱۲۹ھ میں وفات پائی، بڑے متقی عالم بڑے محدث ہیں۔(اکمال،مرقات) ۲؎ یعنی حضرت حسن مسلمانوں کا سردار ہے۔آج حضور کی اولاد کو جو سید کہتے ہیں اس کا ماخذ یہ ہی حدیث ہے،رب تعالٰی نے یحیی علیہ السلام کے متعلق فرمایا:"سَیِّدًا وَّحَصُوۡرًا وَّنَبِیًّا مِّنَ الصّٰلِحِیۡنَ"۔ ۳؎ امام مہدی و الد کی طرف سے حسنی سید ہوں گے والدہ کی طرف سے حسینی،آپ کے اصول میں کوئی والدہ حضرت عباس کی اولاد سے ہوں گی لہذا آپ حسنی بھی ہیں حسینی بھی اور عباسی بھی لہذا احادیث میں تعارض نہیں ۔(اشعہ)غالبًا آپ حضور غوث الثقلین شیخ سید عبدالقادر جیلانی کی اولاد سے ہوں گے،غوث پاک بھی حسنی حسینی سید ہیں۔اس میں روافض کی تردید ہے کہ محمد ابن حسن عسکری امام مہدی ہیں جو غار میں چھپے ہوئے ہیں کیونکہ وہ حسینی سید ہیں حسنی نہیں۔خیال رہے کہ لامھدی الا عیسیٰ نہایت ہی ضعیف بلکہ موضوع حدیث ہے۔حضرت عیسیٰ تو ابن مریم ہیں اور امام مہدی ابن رسول اللہ ہیں ۔ (مرقات) اور اگر وہ حدیث صحیح بھی ہو تب بھی وہاں مہدی سے مراد ہدایت یافتہ معصوم ہے نہ کہ امام مہدی ۔ (مرقات) ۴؎ یعنی امام مہدی اخلاق آداب عادات میں ہماری طرح ہوں گے مگر شکل وصورت میں ہماری طرح نہ ہوں گے یعنی پورے ہم شکل نہ ہوں گے اگرچہ بعض باتوں میں ہماری ہم شکل ہوں گے جیساکہ دوسری روایات میں ہے۔