Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
303 - 4047
حدیث نمبر 303
روایت ہے حضرت ابوسعید خدری سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے اس کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے کہ قیامت نہ آئے گی حتی کہ درندے انسانوں سے باتیں کریں گے  ۱؎  اور حتی کہ آدمی سے اس کے کوزے کا پھندنا ا ور اس کے جوتے کا تسمہ باتیں کرے گا اور اس کی ران اسے وہ سب خبر دے گی جو اس کے گھر والوں نے اس کے پیچھے کیا۲؎  (ترمذی)
شرح
۱؎  یعنی ہر قسم کے درندے  خواہ چرندے ہوں جیسے شیر بھیڑیا وغیرہ یا پرندے جیسے باز شکر ہ وغیرہ ہر قسم کے انسان سے باتیں کریں گے اس انسان کی زبان میں جو اس کی مادری ہو۔حدیث بالکل ظاہر پر ہے اس میں کسی تاویل کی ضرورت نہیں۔مؤمن و کافر ہر انسان سے کلام کریں گے، اولیاء اللہ سے تو آج بھی کلام کرتے ہیں بلکہ ان سے شجرو حجر کلام کرتے ہیں۔مولانا فرماتے ہیں شعر

نطق آب و نطق خاک و گل 			ہست محسوس حواس اہل دل

فلسفی گو منکر حنانہ است			از حواس اولیاء بیگانہ است

۲؎  یعنی ایسی مشینیں ایجاد ہوجاویں گی جو انسانوں کے کلام بلکہ کام کو کیچ کرلیا کریں گی وہ مشینیں دیواروں، جوتوں،کواڑوں میں فٹ ہوں گی اور اسے ہر بات بتائیں گی۔موجودہ سائنس نے ان چیزوں کو ممکن بلکہ قریب الوقوع بنا دیا،درودیواروں سے تو اب بھی آوازیں آرہی ہیں۔
Flag Counter