Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
302 - 4047
حدیث نمبر 302
روایت ہے انہیں سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ ماوراء النہر سے ایک شخص نکلے گا جسے حارث کہا جائے گا  ۱؎  کسان ہوگا ۲؎  اس کے لشکر کے اگلے حصہ پر ایک شخص ہوگا جسے منصور کہا جاوے گا۳؎  وہ محمد صلی اللہ علیہ و سلم کی اولاد کو ایسی ہی جگہ دے گا جیسے قریش نے اللہ کے رسول کو جگہ دی تھی ۴؎ ہر مسلمان پر اس کی مدد ضروری ہے یا فرمایا اس کی بات قبول کرنا ضروری ہے ۵؎ (ابوداؤد)
شرح
۱؎  وراء النہر ایک علاقہ کا نام ہے جس میں بہت سے شہر ہیں جیسے بخارا اور سمر قند وغیرہ۔

۲؎  یعنی اس کا نام حارث ہوگا لقب حراث کیونکہ وہ کھیتی باڑی کرتا ہوگا۔

۳؎  منصور یا تو اس کا نام ہوگا یا اس کا لقب غالبًا یہ صاحب حضرت خضر علیہ السلام ہوں گے۔(مرقات)

۴؎  یہاں قریش سے مراد ابو طالب حمزہ اور دوسرے وہ قریش حضرات ہیں جو حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی دل و جان سے خدمت و حفاظت کرتے رہے اگرچہ اہل سنت کے نزدیک ابو طالب کا ایمان ثابت نہیں،بعض نے فرمایا کہ آل محمد سے مراد حضرت امام مدای اور ان کے متبعین ہیں یعنی حارث یا منصورا مام مہدی کے بڑے معاون اور مددگار ہوں گے۔

۵؎  یعنی ہر مسلمان پر حارث یا منصور کی مدد کرنا ضروری ہے۔
Flag Counter