Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
292 - 4047
الفصل الثانی

دوسری فصل
حدیث نمبر 292
روایت ہے حضرت انس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ قیامت قائم نہ ہوگی حتی کہ زمانہ جلد گزرنے لگے گا  ۱؎  تو ایک سال ایک مہینہ کی طرح ہوگا اور مہینہ ہفتہ کی طرح اور ہفتہ ایک دن کی طرح اور دن ایک گھڑی کی طرح ہوگا اور گھڑی آگ سلگانے کی طرح ۲؎ (ترمذی)
شرح
۱؎  یا اس طرح جلد گزرے گا کہ زمانہ اور وقت میں برکت نہ رہے گی،انسان ایک کام بھی نہ کرسکے گا کہ دن ختم ہو جاوے گا یا اس طرح کہ لوگ مصیبتوں آفتوں میں ایسے مبتلا ہوجائیں گے کہ انہیں وقت محسوس نہ ہوگا۔مصیبت کا زمانہ اگر احساس کیا جاوے تو دراز محسوس ہوتا ہے،اگر احساس ہی نہ رہے ہوش اڑ جاوے تو وقت محسوس نہیں ہوتا یا  اس زمانہ میں لوگوں  میں  عیش و آرام بہت زیادہ ہوگا   اور عیش و آرام کا زمانہ  محسوس  نہیں ہوتا ۔

۲؎  اس کی شرح پہلے گزرچکی۔ضرمۃ ض  کے فتحہ سے  ر کے کسرہ سے بمعنی آگ سلگانا جو جلانے سے پہلے ہوتا ہے یہ فرمان عالی بطور مثال سمجھانے کے لیے لہذا حدیث واضح ہے۔یہاں ساعت سے مراد پل یا سیکنڈ یا گھڑی نہیں بلکہ کم از کم ایک گھنٹہ مراد ہے۔
Flag Counter