Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
223 - 4047
حدیث نمبر 223
روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کوفرماتے سنا کہ شراب پہلی وہ چیز ہے جو انڈیلی جاوے گی ۱؎ زید ابن یحیی راوی فرماتے ہیں کہ مراد اسلام ہے۲؎  جیسے برتن سے اونڈیلی جاتی ہے یعنی شراب۳؎ عرض کیا گیا یارسول اللہ (صلی اللہ علیہ و سلم)یہ کیسے ہوگا حالانکہ اللہ تعالٰی نے اس کے بارے میں واضح بیان فرمادیا ہے۴؎ فرمایا کہ اس کا نام کچھ اور رکھ لیں گے پھر اسے حلال سمجھ لیں گے ۵؎ (دارمی)
شرح
۱؎ اس وقت مجلس پاک میں شراب کی حرمت کا ذکر ہورہا تھا تو حضور انور نے یہ فرمایا۔ان کی یا تو خبر پوشیدہ ہے یا اسم پوشیدہ ہے یعنی یا تو ان اول،الخ تھا یا مایکفاء الخمر تھا یعنی میری امت اسلام کے احکام توڑے گی،ان میں سے سب سے پہلے شراب کا حکم توڑے گی کہ اسے پینے لگے گی بعد میں دوسرے احکام توڑے گی۔(لمعات)

۲؎  راوی اس فرمان کی شرح یوں کررہے ہیں کہ گویا اسلام ایک گھڑا ہے جس میں احکام بھرے ہوئے ہیں،گھڑے کو ٹیڑھا کرو تو اوپر کی چیز پہلے گرتی ہے نیچے کی چیز بعد میں،اسی طرح میری امت پہلے شراب کا حکم نکال پھینکے گی بعد میں دوسرے احکام۔اشعہ میں ہے الاسلام سے پہلے فی پوشیدہ ہے یعنی اسلام میں پہلے شراب پی جاوے گی۔

۳؎  یہ جملہ اس تشبیہ کا تتمہ ہے،یہ بھی راوی کا قول ہے یعنی اسلام میں پہلی کون سی چیز پی جاوے گی،شراب۔ (اشعہ)

۴؎  یعنی تعجب ہے کہ لوگ مسلمان پہلے شراب کا قانون توڑیں گے حالانکہ شراب کے متعلق قرآن و احادیث میں صاف صریح احکام وارد ہیں پھر یہ کیسے جرات کریں گے۔

۵؎  یعنی شراب کو بیئر یا انگریزی میں وسکی کہہ کر پئیں گے،کہیں گے یہ شراب نہیں یہ تو وسکی ہے یا بیئر ہے۔آج بھی بعض لوگ اس نام سے شراب پیتے ہیں،ہر نشہ دینے والی چیز حرام ہے نام بدلنے سے حکم نہیں بدل جاتا۔
Flag Counter