مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم |
روایت ہے حضرت عمرو ابن میمون اودی سے ۱؎ فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص سے نصیحت کرتے ہوئے کہ پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت ۲؎ جانو:بڑھاپے سے پہلے جوانی کو،بیماری سے پہلے تندرستی کو، فقیری سے پہلے غنا کو اور مشغولیت سے پہلے فرصت کو اور اپنی موت سے پہلے زندگی کو ۳؎ (ترمذی)
شرح
۱؎ اود ایک قبیلہ ہے جو اود ابن صعب کی طرف منسوب ہے،عمرو ابن میمون کو بعض لوگوں نے صحابی کہا ہے مگر قوی یہ ہے کہ آپ حضور کے زمانہ میں اسلام لائے مگر زیارت نہ کرسکے،جلیل القدر تابعی ہیں لہذا یہ حدیث مرسل ہے۔(اشعہ) ۲؎ اغتنام کے معنی ہیں غنیمت حاصل کرلینا یعنی ان پانچ چیزوں سے کچھ کمائی کر لو بار بار یہ موقعہ نہیں ملتے۔ ۳؎ لہذا صحت،جوانی،مالداری،فراغت اور زندگی کو رائیگاں نہ جانے دو،اس میں نیک اعمال کرلو کہ یہ نعمتیں بار بار نہیں ملتیں۔ میاں محمد صاحب فرماتے ہیں شعر سدا نہ حسن جوانی رہندی سدا نہ صحبت یاراں سدا نہ بلبل باغاں بولے سدا نہ باغ بہاراں باغ میں بہار اور بہار میں بلبل کی شور و پکار ہمیشہ نہیں رہتے کبھی آتے ہیں اسے غنیمت جانو۔