Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکاۃ المصابیح جلد ہفتم
164 - 4047
حدیث نمبر 164
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ ہر چیز کی ایک خوشی ہے اور ہر خوشی کی ایک کمزوری ہے  ۱؎ تو اگر خوشی والا درست رہے اور قریب رہے تو اس کی کامیابی کی امید کرو ۲؎  اور اگر اس کی طرف انگلیوں سے اشارے کیے جاویں تو اسے کچھ گنتی میں نہ لاؤ۳؎(ترمذی)
شرح
۱؎ اس فرمان عالی کے دو مطلب ہیں:  ایک یہ کہ ہر عمل کے دو طرف ہیں زیادہ رغبت اور بے رغبتی یہ دونوں چیزیں ناقص ہیں درمیانی چال اچھی ہے ۔نماز روزہ سے ایسی رغبت کہ انسان تارک الدنیا ہوکر انہیں میں مشغول رہے یہ بھی ناقص ہے اور بالکل بے رغبت ہوجاوے کہ اس کے قریب نہ جاوے یہ بھی برا ہے، درمیانی حال کہ نماز روزہ بھی کرے دوسرے کام بھی کرے یہ اچھا ہے ،اشعۃ اللمعات نے اس کو اختیار کیا  ہے۔د وسرے یہ کہ ہر عمل میں پہلے تو خوب رغبت ہوتی ہے بعد میں بے رغبتی ہوجاتی ہے یہ برا ہے، بعض لوگ نماز شروع کرتے ہیں تو پہلے تہجد،اشراق،چاشت سب کچھ پڑھتے ہیں،چند روز بعد پنجگانہ بھی چھوڑ دیتے ہیں یہ برا ہے،بقدر طاقت کام کرو ہمیشہ کرو،صرف پنج گانہ پڑھو نوافل بہت سے نہ پڑھو صرف پنج گانہ پڑھو مگر پڑھو ہمیشہ یہ محبوب ہے ۔مرقات نے یہ ہی معنی کیے۔شرۃ شین کے کسرہ سے،رے کے فتحہ سے بمعنی خوشی ،حرص،افراط،انہماک ہے۔(مرقات،اشعہ)

۲؎  یعنی جو شخص بقدر طاقت اعمال کرے مگر کرے ہمیشہ وہ کامیاب ہے۔سدد سے مراد ہے ہمیشہ کرنا اور قارب سے مراد ہے درمیانی راہ چلنا جو افراط و تفریط سے خالی ہو اور۔ارجو یا  تو امر جمع مذکر ہے یعنی امید کرو یا واحد متکلم مضارع ہے یعنی میں امیدکرتاہوں پہلے معنی زیادہ قریب ہیں،یعنی تم جس کو درمیانی چال والا ہمیشہ عمل کرنے والا دیکھو تو اس کی کامیابی کی امید کرو کہ وہ مرتے دم تک قائم رہے گا۔

۳؎ یعنی اگر کوئی شخص زیادہ عبادات کی وجہ سے لوگوں میں مشہور ہوجاوے کہ ہر طرف سے لوگ اس کی طرف اشارہ کریں کہ یہ صاحب بڑے عبادت گزار شب بیدار ہیں،اسے دھیان میں نہ لاؤ کہ ایسے لوگ کچھ ہوتے نہیں اگر ہوتے ہیں تو کچھ رہتے نہیں، ان میں ریا تکبر پیدا ہوجانے کا خطرہ ہے خاتمہ کا اعتبار ہے۔شعر

حکم مستوری و مستی ہمہ ہر خاتم است 		کس ندانست کہ آخر بچہ حالت گزرد

شیخ نے فرمایا کہ عادۃ الہیہ ہے کہ وہ کریم زیادہ تر بروں کا خاتمہ اچھا کردیتا ہے اور اچھوں کا خاتمہ بہت کم خراب کرتا ہے دیکھو اشعۃ اللمعات،اﷲ تعالٰی خاتمہ بالخیر کرے۔
Flag Counter