۱؎ آپ کوفی ہیں،مجتہد،فقیہ محدث اپنے وقت کے قطب ہیں،آپ کی دینداری،زہد،تقویٰ اور ثقہ ہونے پر سارے اہل اسلام متفق ہیں۔سلیمان ابن عبدالملک کے زمانہ میں ولادت ہوئی یعنی ۹۹ھ ننانوے میں ۱۶۱ھ ایک سو اکسٹھ میں وفات پائی،آپ سے امام مالک اور دیگر آئمہ دین نے روایات لیں جیسے فضیل ابن عیاض،ابن عیینہ شعبی وغیرہ۔(مرقات،اکمال)
۲؎ سبحان اللہ! کیسا نفیس قاعدہ بیان فرمایا آج بہت لوگ اس وہم میں مبتلا ہیں۔کہتے ہیں وہ فقیر کیسا جو رکھے پیسہ،عوام اس شخص کے معتقد ہو جاتے ہیں جو تارک الدنیا ہو کر بیٹھ جائے،بیوی بچے نہ رکھے،موٹا جھوٹا کھایا کرے۔پھٹے کپڑے پہنے اگرچہ بے نماز بے روزہ،بھنگی چرسی ہو۔اللہ تعالٰی نے حلال چیزیں ہمارے استعمال کے لیے پیدا فرمائی ہیں خوب کھاؤ پیو اور خوب عبادت و شکر کرو،رب تعالٰی فرماتاہے:"کُلُوۡا مِنَ الطَّیِّبٰتِ وَ اعْمَلُوۡا صٰلِحًا"۔لذیذ نعمتیں کھاؤ،اچھے اعمال کماؤ،دنیا میں زیادہ رہنے کی امید نہ رکھو،جو کرنا ہے آج کرو کل کی کیا خبر نصیب ہو کہ نہ ہو۔جشب کے معنی ہیں خشک غذا یعنی روکھی روٹی۔