۱؎ سبحان اللہ! یہ حضور کی سخا کے جلوے ہیں کبھی فقیر داتا سے سوال کرتے ہیں اور کبھی داتا خود فقیر سے اس کی حاجت پوچھ پوچھ کر حاجت روائی فرماتے ہیں۔اس فرمان عالی کی ضرورت تو لوگوں کو ہے مگر وہ ہماری ضرورتوں سے بھی خبردار ہیں۔خیار جمع ہے خیر کی بمعنی افضل و بہترین اور رب تعالٰی کو زیادہ پیارے۔
۲؎ اس فرمان عالی کی شرح باب حفظ اللسان کی تیسری فصل کے آخر میں کردی گئی بعض لوگوں کے چہروں پر انوار ربانی تجلیات رحمانی ظاہر ہوتی ہیں ان کے اعمال و افعال سنت کے مطابق ہوتے ہیں انہیں دیکھ کر مؤمنوں کے ایمان تازہ ہوجاتے ہیں،فقیر کے دادا پیر حضور اشرفی میاں جیلانی قدس سرہ بالکل ہم شکل حضور غوث الثقلین تھے جہاں بیٹھ جاتے تھے مسلم وغیر مسلم زائرین کا ہجوم لگ جاتا تھا،بہت لوگ انہیں دیکھ کر ہی مسلمان ہوگئے،یہ ہے اس حدیث کی جیتی جاگتی تفسیر،بعض بزرگوں کے پاس بیٹھ کر قلب جاری ہوجاتا ہے۔