| مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم |
روایت ہے حضرت ابن عباس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے حضرت ابو ذر سے فرمایا اے ابو ذر ایمان کی کون سی گرہ زیادہ مضبوط ہے ۱؎ عرض کیا اللہ رسول اللہ ہی خوب جانتے ہیں، فرمایا اللہ کی راہ میں دوستی کرنا اور اللہ کی راہ میں محبت کرنا ۲؎ اور اللہ کی راہ میں بعض عداوت کرنا ۳؎ (بیہقی شعب الایمان)
شرح
۱؎ یعنی اعمال ایمانی میں کون سا عمل زیادہ قابل اعتماد ہے،یہ سوال اس لیے کیا گیا کہ سننے والوں کے دل میں شوق پیدا ہوا پھر انہیں بتایا جاوے تو انہیں اچھی طرح یاد رہے کہ شوق کے بعد جو بات معلوم ہوتی ہے وہ بہت دل نشین ہوتی ہے۔ ۲؎ موالات اور محبت کا فرق ہم پہلے بیان کرچکے ہیں کہ دو طرفہ محبت موالاۃ کہلاتی ہے اور یکطرفہ محبت حب، جن بزرگوں کو ہم نے دیکھا نہیں مگر ہم کو ان سے اللہ کے لیے محبت ہے ان شاءاللہ یہ محبت بہت کام آوے گی۔(مرقات) ۳؎ اس فرمان عالی کی تائید اس آیتِ کریمہ سے ہوتی ہے"لَا تَجِدُ قَوْمًا یُّؤْمِنُوۡنَ بِاللہِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ یُوَآدُّوۡنَ مَنْ حَآدَّ اللہَ وَ رَسُوۡلَہٗ وَ لَوْ کَانُوۡۤا اٰبَآءَہُمْ"الخ یعنی سچے مؤمن اللہ کے دشمنوں سے محبت نہیں کرتے اگرچہ وہ ان کے باپ دادے یا اولاد ہوں۔