Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
834 - 975
حدیث نمبر 834
روایت ہے انہیں سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ اللہ تعالٰی قیامت کے دن فرمائے گا کہ کہاں ہیں میری عظمت کے لیے آپس میں محبت کرنے والے ۱؎  آج میں انہیں اپنے سایہ میں جگہ دوں گا جب کہ میرے سایہ کے سوا کوئی سایہ نہیں ۲؎(مسلم)
شرح
۱؎ یعنی وہ مسلمان ہماری بارگاہ میں حاضر ہوں جو کسی دنیاوی وجہ سے نہیں بلکہ صرف میری رضا میری خوشنودی کی وجہ سے آپس میں محبت کرتے تھے کہ میری عظمت ان کے دلوں میں تھی اس لیے مجھے راضی کرنا چاہتے تھے میرے بندوں کو راضی کرکے۔

۲؎  ظل کے معنی ہیں سایہ مگر کبھی اس سے مراد ہوتی ہے پناہ،امان جیسے کہا جاتا ہے کہ عادل بادشاہ ظل اللہ ہے یا بزرگوں کو لکھتے ہیں دام ظلھم،اگر یہاں سایہ کے معنی میں ہیں تو مراد ہے عرش اعظم کا سایہ کہ سایہ جسم کا ہوتا ہے رب تعالٰی جسم سے پاک ہے اور اگر مراد ہے پناہ تو ظاہر ہے۔
Flag Counter