Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
817 - 975
حدیث نمبر 817
روایت ہے حضرت عبداللہ ابن عمرو سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے اللہ کے نزدیک  بہترین ساتھی وہ ہیں جو اپنے ہمراہیوں کے لیے بہتر ہوں اور اللہ کے نزدیک بہترین ساتھی پڑوسی وہ ہیں جو اپنے پڑوسی کے لیے اچھے ہوں ۲؎(ترمذی، دارمی) اور ترمذی نے فرمایا یہ حدیث حسن غریب ہے۔
شرح
۱؎ یہاں ساتھی سے مراد عام ساتھی ہیں مدرسہ کے ساتھی،سفر کے ساتھی،گھر کے ساتھی۔غرضکہ مسلمان کو چاہیے کہ ہر ساتھی کے ساتھ اچھا سلوک کرے،ان کی خیر خواہی کرے،ان سے اچھا برتاوا کرنا،انہیں بری باتوں سے روکنا،اچھی راہ دکھانا سب ہی اس میں داخل ہے۔

۲؎  عبادات کی درستی سے بھی زیادہ اہم ہے معاملات کی درستی،پڑوسی سے ہر وقت معاملہ رہتا ہے اس لیے اس سے اچھا برتاوا کرنا بہت ضروری ہے،اس کے بچوں کو اپنی اولاد سمجھے،اس کی عزت و ذلت کو اپنی عزت و ذلت سمجھے،پڑوسی اگر کافر بھی ہو تب بھی پڑوسی کے حقوق ادا کرے۔حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ کا یہودی پڑوسی سفر میں گیا اس کے بال بچے گھر رہ گئے رات کو یہودی کا بچہ روتا تھا آپ نے پوچھا کہ بچہ کیوں روتا ہے یہودن بولی گھر میں چراغ نہیں ہے بچہ اندھیرے میں گھبراتا ہے اس دن سے آپ روزانہ چراغ میں خوب تیل بھرکر روشن کر کے یہودی کے گھر بھیج دیا کرتے تھے،جب یہودی لوٹا اس کی بیوی نے یہ واقعہ سنایا یہودی بولا کہ جس گھر میں بایزید کا چراغ آگیا وہاں اندھیرا کیوں رہے وہ  سب مسلمان ہوگئے۔
Flag Counter