Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
816 - 975
حدیث نمبر 816
روایت ہے حضرت معاذ ابن انس سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جو کسی مسلمان کو کسی منافق سے محفوظ رکھے ۱؎ تو قیامت کے دن اللہ تعالٰی ایک فرشتہ بھیجے گا جو اس کے گوشت کی دوزخ کی آگ سے حفاظت کرے گا ۲؎ اور جو کسی مسلمان کو کسی چیز کی تہمت لگائے اس کی بے عزتی کا ارادہ کرتا ہو۳؎  تو اللہ  اسے دوزخ کے پل پر روکے گا حتی کہ وہ اپنی اس بات سے باہر آجاوے۴؎(ابوداؤد)
شرح
۱؎ یہاں منافق سے مراد غیبت کرنے والے کو اپنے عیب نہیں سوجھتے دوسرے کے نظر آتے ہیں یہ ہی منافق کا حال ہے یعنی غیبت کرنے والے سے اس مسلمان کی عزت بچائے۔

۲؎  اس طرح کہ وہ فرشتہ پل صراط پر اسے اپنے پروں میں ڈھانپ کرگزارے گا تاکہ اسے آگ کی تپش نہ پہنچنے پائے۔

۳؎  بے عزتی کے ارادہ کی قید اس لیے لگائی تاکہ معلوم ہو کہ کسی کی اصلاح کے لیے یا اس سے اپنا حق حاصل کرنے کے لیے اس کی غیبت درست ہے کہ وہ غیبت نہیں۔

۴؎  یعنی جتنی دیر تک اس نے غیبت میں اپنا وقت صرف کیا اتنی دیر تک پل صراط پر روکا جاوے گا۔حضرت شیخ نے فرمایا کہ جب تک اس سے معافی نہ مانگے تب تک وہ غیبت ہی میں مشغول ہے۔
Flag Counter