Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
781 - 975
حدیث نمبر 781
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ بے شوہر والی اور مسکینوں پر خرچ کرنے والا اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے کی طرح ہے ۱؎ مجھے خیال ہے کہ فرمایا اس کی طرح جو تھکے نہیں اور اس روزے دار کی طرح جو افطار نہ کرے ۲؎(مسلم،بخاری)
شرح
۱؎ ارامل جمع ہے ارمل کی جس کا مادہ رمل(ریگستان)چونکہ ریگستان باغات و سبزہ سے خالی ہوتا ہے اس لیے بے شوہر عورت کو ارملہ اور بے بی بی والے مرد کو ارمل کہتے ہیں خواہ کنوارے ہوں یا بیوہ یا خاوند نے طلاق دے دی ہو یا خاوند نے اسے معلقہ کر رکھا ہو اگر یہ فقیر ہے تو اس پر خرچ بھی کرے اور اس کا کام کاج بھی،اگر غنی ہے تو کام کاج کرے اس کا سودا سلف وغیرہ لا دیا کرے،لفظ ساعی ان دونوں کو شا مل ہے۔ (مرقات و اشعہ)ایسے شخص کا ثواب تو مجاہد و غازی فی سبیل اللہ کی طرح یا اس کے برابر ہے یہ خدمت بھی ایک قسم کا جہاد ہے۔

۲؎  یعنی جس قسم کا یا جتنا ثواب اس انتھک عابد کو ملتا ہے جو صائم الدہر قائم اللیل ہو اس قسم کا یا اتنا ثواب اس خدمت کرنے والے کو ملتا ہے۔احسب فرمانے والے حضرت ابوہریرہ ہیں قال کا فاعل حضور۔(مرقات)
Flag Counter