۱؎ چونکہ بمقابلہ باپ ماں کا حق زیادہ ہے،نیز ماں کمزور دل ہے بہت جلد رنجیدہ ہوجاتی ہے یا اکثر اولاد وہاں سے ہی ضد کرتی ہے اس کا حکم نہیں مانتی اس لیے صرف ماں کا ذکر فرمایا ورنہ باپ کی نافرمانی بھی ممنوع ہے،اہلِ عرب زندہ بچیوں کو دفن کر دیتے تھے۔وھات کے معنی یہ ہیں کہ ہمیشہ لیتے رہنا کبھی کسی کو دینا نہیں۔چاہیے یہ کہ لینا سیکھے تو دینا بھی سیکھے،بعض نے فرمایا کہ اس کے معنی ہیں واجب حقوق ادا نہ کرنا حرام کمائی سے پرہیز نہ کرنا۔
۲؎ یعنی ہر حکم کی وجہ پوچھنا عمل نہ کرنا یا زیادہ بولنا لوگوں سے مانگتے رہنا۔
۳؎ حرام رسموں میں مال خرچ کرنا فضول خرچی ہے،مال اڑانا مال کی بربادی ہے،اچھا کھانا پینا جب کہ اس میں اسراف اور تکبر نہ ہو بالکل جائز ہے یہ فرمان عالی جامع کلمات میں سے ہے۔اس سے معلوم ہوا کہ بلاتکلف ہم وزن الفاظ بولنا ممنوع نہیں۔(مرقات)