Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
744 - 975
حدیث نمبر 744
روایت ہے حضرت عمرو ابن عاص سے فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ کو فرماتے سنا کہ فلاں قبیلہ میرے دوست نہیں ۱؎ میرے دوست اللہ تعالٰی اور نیک کار مسلمان ہیں۲؎ لیکن ان کا رشتہ رحمی ہے جس کی تری سے میں تر کروں گا ۳؎ (مسلم،بخاری)
شرح
۱؎  ظاہر یہ ہے کہ حضور انور نے ان کا نام لیا تھا مگر راوی نے نام نہ لیا کیونکہ وہ لوگ اس وقت برسر اقتدار تھے ان سے خطرہ تھا۔بہرحال اس سے مراد یا ابولہب کی اولاد ہے یا ابوسفیان کی اولاد یا حکم ابن عاص کی اولاد مگر قوی یہ ہے کہ یہ حکم عام ہے قریشی ہاشمی تمام قوموں کو شامل ہے۔(مرقات)جو بھی اسلام سے یا حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے طریقہ سے ہٹ جاوے وہ حضور کا دوست نہیں۔

۲؎  خلاصہ یہ ہے کہ متقی مسلمان خواہ کسی خاندان کا ہو مجھے پیارا ہے کافر و بے ایمان اگرچہ ہماری نسل سے ہو مردود ہے،قرآن حکیم فرماتاہے:"اِنْ اَوْلِیَآؤُہٗۤ اِلَّا الْمُتَّقُوۡنَ"۔

۳؎ خیال رہے صلہ رحمی کرنے،رشتہ داروں کے حقوق ادا کرنے کو بلل یعنی تری کہتے ہیں کیونکہ تری سے چیز جڑتی ہے خشکی سے ٹوٹ جاتی ہے،یوں ہی سلوک کرنے سے دل جڑتے ہیں بدسلوکی سے دل ٹوٹ کر الگ الگ ہوجاتے ہیں۔
Flag Counter