Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
677 - 975
حدیث نمبر 677
روایت ہے حضرت ابن عمر سے فرماتے ہیں فرمایا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو فرشتہ اس سے ایک میل دور ہوجاتا ہے ۱؎ اس بدبو کی وجہ سے جو آتی ہے ۲؎(ترمذی)
شرح
۱؎ فرشتے سے مراد یا تو نیکیاں لکھنے والا فرشتہ ہے یا حفاظت کرنے والا فرشتہ یا کوئی خاص رحمت کا فرشتہ،گناہ لکھنے والا فرشتہ دور نہیں ہوتا فرشتوں کے مزاج مختلف ہیں۔میل سے مراد یا تو یہ ہی شرعی میل ہے یعنی فرسخ کا تہائی حصہ یا مراد ہے تاحد نظر زمین۔

۲؎ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اچھی بری باتوں نیک و بد اعمال میں خوشبو اور بدبو ہے بلکہ ان میں اچھی بری لذتیں بھی ہیں مگر یہ صاف دماغ والوں کو صاف طبیعت والوں کو ہی محسوس ہوتی ہیں اللہ رسول کے نام میں وہ لذت ہے جو کسی چیز ہی میں نہیں مولانا محمد بشیر صاحب فرماتے ہیں شہد سے میٹھا محمد نام ،میم سے ہیں محبوب وہ رب کے،ح سے حاکم عجم و عرب کے،دوسری میم سے مالک سب کے،دال سے داتا دونوں جہان کے

فیض ہے ان کا عام 		  شہد سے میٹھا محمد نام 

میم مے توحید پلائے اور ح حق سے جاکے ملائے،دوسری میم مراد لائے۔

دال سے دل آرام		شہد سے میٹھا محمد نام
Flag Counter