Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
640 - 975
حدیث نمبر 540
روایت ہے حضرت عبداللہ ابن عمرو سے وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے راوی فرماتے ہیں کہ کسی شخص کو یہ جائز نہیں کہ دو شخصوں کے درمیان علیحدگی کرے بغیر ان کی اجازت سے ۱؎(ترمذی، ابوداؤد)
شرح
۱؎ یعنی مجلس میں پہنچ کر دو آدمیوں کو جو ملے ہوئے بیٹھے ہوں ان کو چیر کر بیچ میں بیٹھ جانا ممنوع ہے۔ممکن ہے کہ ان دونوں کی آپس میں محبت ہو ان کی جدائی ناگوار ہو،یہ حکم ہر مجلس کے لیے ہے خواہ مسجد میں ہوں یا اور جگہ جب ان کی اجازت سے درمیان میں بیٹھے گا تو انہیں اس سے رنج نہ ہوگا جیساکہ ظاہر ہے۔
حدیث نمبر 640
روایت ہے حضرت صخر بن عبداللہ  ابن بریدہ سے وہ اپنے والد سے وہ اپنے دادا سے راوی ۱؎  فرماتے ہیں میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے سنا کہ بعض بیان جادو ہیں اور بعض علم جہالت ہے ۲؎ اور بعض شعر حکمت ہیں۳؎ اور بعض کلام وبال ہیں ۴؎ (ابوداؤد)
شرح
۱؎ بریدہ اسلمی مشہور صحابی ہیں،انکے فرزند عبداللہ ابن بریدہ تابعی ہیں ،مرو  کے قاضی رہے ،ان کے بھائی سلیمان ابن بریدہ ان سے زیادہ عالم و متقی تھے،صخر ابن عبد اللہ بھی تابعی ہیں،ان کا لقب مروزی ہے،انہوں نے اپنے دادا حضرت بریدہ سے ملاقات کی ہے،حضرت بریدہ غزوہ بدر سے پہلے ایمان لائے مگر اس غزوہ میں شریک نہ ہوئے،بیعۃ الرضوان میں حاضر تھے،مدینہ کے رہنے والے تھے پھر بصرہ پھر خراسان میں رہے، یزید ابن معاویہ کے زمانہ میں مقام مرو  میں وفات پائی،       ۶۲؁  باسٹھ میں اور مرو  میں ہی دفن ہوئے،آپ سے بہت لوگوں نے احادیث روایت کیں۔

۲؎  غیرضروری چیزیں سیکھنا ضروری چیزیں نہ سیکھنا جہالت ہے،بعض لوگ بجائے علم دین کے فلسفہ منطق ریاضی میں عمر صرف کردیتے ہیں یہ جہالت ہے،یوں ہی جو علم رب تک نہ پہنچائے وہ جہالت ہے،یوں ہی علم بے عمل جہالت ہے یا علم کا دعویٰ ہو مگر علم نہ ہو یہ جہالت مرکبہ ہے جس علم کے ساتھ عقل یا معرفت نہ ہو وہ جہالت ہے۔

۳؎  بعض علماء نے بہت سے علوم اشعار میں بیان کردیئے ہیں۔ایک بزرگ نے سارے قرآن مجید کی تفسیر پنجابی اشعار میں لکھی،تفسیر سورۂ یوسف نظم میں تو بہت لوگوں نے لکھیں یہ اشعار حکمت ہیں ان سے علم کی اشاعت بہت ہوتی ہے۔

۴؎  یا کہنے والے پر وبال کہ اپنے کلام سے پکڑا جاوے یا سننے والے پر وبال کہ وہ اکتا جاوے مگر یہ ختم ہی نہ کرے یا وہ سمجھے نہیں اور یہ کہے جاوے۔
Flag Counter