Brailvi Books

مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح جلد ششم
612 - 975
حدیث نمبر 612
روایت ہے بشیر ابن میمون سے وہ اپنے چچا اسامہ ابن اخدری سے ۱؎ راوی کہ ایک شخص کو اصرم کہا جاتا تھا ۲؎  وہ اس جماعت میں تھا جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کے پاس آئی تو اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا تمہارا نام کیا ہے وہ بولے اصرم فرمایا بلکہ تم زرعہ ہو۳؎(ابوداؤ د)اور کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے عاص عزیز عتلہ شیطان حکم عراب حباب شہاب نام تبدیل فرمائے۴؎  اور کہا کہ میں نے ان کی اسنادیں مختصر کرنے کے لیے چھوڑ دیں ۵؎
شرح
۱؎  بشیر ابن میمون تابعی ہیں،ثقہ ہیں،ان کے چچا  اسامہ صحابی ہیں،ان سے صرف یہی ایک حدیث مروی ہے ،تمیمی ہیں، بصری ہیں۔(اشعہ،مرقات)

۲؎   اصرم بنا ہے صرم سے بمعنی ٹوٹ جانا،کٹ جانا،اصرم کے معنی ہوئے ٹوٹا ہوا،کٹا ہوا۔

۳؎  کیونکہ زرعہ بنا ہے زرع سے بمعنی کھیتی،ظاہر ہے کہ کھیتی سے دانہ بڑھتا ہے اس لیے کھیتی مبارک ہے اوریہ نام مبارک ہے،اصرم کے معنی فاسد ہیں۔اس لیے اپنا نام بدل دو۔

۴؎  کیونکہ عاص مخفف ہے عاصی کا جس کے معنی ہیں گنہگار،اطاعت الٰہی سے علیٰحدہ یہ مؤمن کی شان نہیں مؤمن اطاعت شعار ہوتا ہے۔عتلہ بنا ہے عتل سے بمعنی سختی شدت،رب تعالٰی فرماتاہے:"عُتُـلٍّۭ بَعْدَ ذٰلِکَ زَنِیۡـمٍ"اب ایک مضبوط اوزار کو عتلہ کہتے ہیں جس سے دیوار وغیرہ کھودی جاوے مسلمان سخت نہیں ہوتا،نیز عزیز اسماء الہیہ میں سے ہے،عزت سے بنا ہے مسلمان میں فروتنی عجز و نیا زچاہیے۔شیطان لقب ہے ابلیس کا بنا ہے شیط سے بمعنی جلنا ہلاک ہونا یا شطن سے بمعنی بھلائی سے دوری،حکم صفت مشبہ حکومت یا حکم کا بمعنی دائمی حکومت والا یہ رب تعالٰی کی صفت ہے۔غراب بنا ہے غرب سے بمعنی دوری یہ نام ہے کوے کا کہ وہ بہت دور نکل جاتا ہے،حباب شیطان کا نام بھی ہے اور ایک قسم کے سانپ کو بھی کہتے ہیں لہذا یہ نام بھی منحوس ہے اور شہاب آگ کے شعلہ کو بھی کہتے ہیں اور ٹوٹے ہوئے تارے کو بھی جس سے شیاطین کو بھی مارا جاتا ہے مگر یہاں مرقات نے فرمایا کہ اگر شہاب کو دین کی طرف مضاف کردیا جاوے اور نام ہو شہاب الدین توکراہۃ قطعًا نہیں بلاکراہۃ جائز ہے کہ اب یہ فاسد معنی نکل گئے چمکدار لہذا کراہۃ نہ رہی۔

۵؎ یعنی ابوداؤ د کہتے ہیں کہ ان تمام ناموں کی تبدیلی کی احادیث مع اسنادوں کے میرے پاس موجود ہیں مگر چونکہ وہ حدیثیں احکام شرعیہ سے متعلق نہیں ہیں اس لیے میں نے اصل حدیث تو بیان کردی اسنادیں چھوڑ دیں کیونکہ ان پر جرح قدح کی ضرورت نہیں۔
Flag Counter